Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

’وقت آ گیا ہے کہ ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے‘

'فرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے پیچھے چھپنے کی تمام ترکوششیں بے سود ہیں'
اپ ڈیٹ 08 جون 2023 09:07am

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصراور ان کے حامی انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، قوم کے بھرپور تعاون سےتمام ترناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زِیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

فارمیشن کمانڈ کانفرنس کے شرکا نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا، اور سانحہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔

شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ، جو آئینِ پاکستان کے تحت ہیں، کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایا جائے گا، مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداء پاکستان اور اِن کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی۔

آرمی چیف چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے، جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اورعوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ملک دشمن عناصراور ان کے حامی انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، بے بنیاد الزامات کا مقصد مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے، لیکن قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک میں بگاڑ پیدا کرنے اور فرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے پیچھے چھپنے کی تمام تر کوششیں بے سود ہیں، کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کو نہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے۔

ISPR

Army Chief

pakistan army

Army Chief General Asim Munir

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div