Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

روس نے بیلاروس میں اپنے ایٹمی ہتھیار نصب کردیے

ان میں کم فاصلے کے ایٹمی ہتھیار شامل ہیں جو جنگی میدان میں استعمال ہو سکتے ہیں۔
شائع 17 جون 2023 09:02pm
روس کا اسکندر جس کی رینج 500 کلومیٹر (310 میل) تک ہے۔ (تصویر بزریعہ روئٹرز)
روس کا اسکندر جس کی رینج 500 کلومیٹر (310 میل) تک ہے۔ (تصویر بزریعہ روئٹرز)

صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغرب کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس نے یورپی اتحادی ملک بیلاروس میں جوہری ہتھیار نصب کر دیے ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ماسکو کو جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر پیوٹن نے پہلی مرتبہ جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے یہ تصدیق کی ہے جو مغربی ممالک کو ایک پیغام بھی ہے کہ روس کو سٹریٹیجک شکست نہیں دی جا سکتی۔

صدر پیوٹن نے سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا، ’جیسا کہ آپ کو معلوم ہے ہم اپنے اتحادی (بیلاروس کے صدر) لوکاشینکو سے بات چیت کر رہے تھے کہ کچھ ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیار بیلاروس منتقل کریں، تو یہ ہو گیا ہے۔‘

’پہلے جنگی ہتھیار بیلاروس پہنچا دیے گئے ہیں، لیکن صرف پہلا حصہ۔ موسم سرما یا پھر سال کے آخر تک (نصب کرنے کا) یہ مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔‘

ان جنگی ہتھیاروں میں کم فاصلے کے ایٹمی ہتھیار شامل ہیں جو جنگی میدان میں استعمال ہو سکتے ہیں۔

صدر پیوٹن نے کہا کہ سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد روس نے پہلی مرتبہ ملک سے باہر جوہری ہتھیار نصب کیے ہیں، جس کا مقصد دراصل یوکرین کو حمایت اور ہتھیار فراہم کرنے کے خلاف مغربی ممالک کو خبردار کرنا ہے۔

’یہ صرف (ناخوشگوار اقدام) کی روک تھام کے لیے ہے تاکہ وہ سب جو ہمیں اسٹریٹیجک شکست دینے کا سوچ رہے ہیں وہ اس قسم کی صورتحال پیدا ہونے سے لاعلم نہ رہیں۔‘

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے جمعرات کو کہا تھا کہ روسی ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیار موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں جو ان ایٹمی بموں سے تین گنا زیادہ طاقتور ہیں جو امریکہ نے جاپان پر 1945 میں پھینکے تھے۔

صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک روس کو یوکرین میں اسٹریٹیجک شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

russia

Belarus

nuclear weapons

Nuclear Warheads

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div