Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

وزیراعظم ، آرمی چیف نے عید جوانوں کے ساتھ منائی ، امن تباہ کرنیوالوں کیلئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، شہباز

وفاقی وزرا بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے
اپ ڈیٹ 30 جون 2023 08:05am
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر پارا چنار میں جوانوں کے ساتھ۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر پارا چنار میں جوانوں کے ساتھ۔

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ پورے مذہبی جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے، عید کے پہلے روز جمعرات کو پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔

عید کی نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کا سلسلہ شروع ہوا جو عید کے تیسرے دن تک جارہی رہے گا۔

عید کے دن بھی وطن کے دفاع کے لئے سرحدوں پر فرائض کی انجام دہی میں مصروف سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرنے وزیر اعظم شہباز شریف پارا چنار پہنچ گئے۔

شہباز شریف کے ہمراہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا اسحاق ڈار ، مریم اور نگزیب اور خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

انہوں نے پاک افغان بارڈر پر فوجی جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔

جوانوں اور افسران سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ آج میں عید کا دن آپ کے ساتھ گزار رہا ہوں تاکہ مادروطن کی سرحدوں کی جرات وبہادری سے حفاظت کرنے والے اپنے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں اورجذبوں کو خراج تحسین پیش کروں۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان اپنے ذاتی آرام اور سکون کو چھوڑ کر وطن عزیز کے تحفظ، دفاع اور سلامتی کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں۔ موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں اور ہر طرح کی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے مادر وطن کی سرحدوں کا پہرہ دیتے ہیں جس پر قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عید سمیت خوشیوں کے تہوار ہوں یا کوئی غم کا موقع ہو، افسر اور جوان انفرادی اور اجتماعی طورپر وطن کی حفاظت کے فرض کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہاکہ آج میں آرمی، ائیر فورس اور بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آہنی عزم کے ساتھ وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فرض نبھاتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے پوری قوم خاص طورپر افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کو عید کی مبارک پیش کی۔

وزیراعظم نے عزم کا اعادہ کیا کہ امن تباہ کرنے، دہشت گردی کرنے والوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے لئے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ پاکستانی قوم کی پاکستانیت نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنادیا۔ اُن قوتوں کو شکست ہوئی جو اپنے مذموم ایجنڈے کے لئے قوم میں تقسیم اور دراڑپیدا کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ شہدا پاکستان اور قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔ اُن کی عزت وحرمت ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے۔ وزیراعظم نے شہداءکی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام جاری ایک الگ پیغام میں کہا کہ میں عید الاضحٰی کے اس پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

وزیراعظم نے لکھا، ’آج کے اس مقدس دن حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اللہ کی بارگاہ میں تسلیم ورضا کا اظہار کرتے ہوئے قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔ یہ عمل اللہ تعالٰی کو اتنا پسند آیا کہ اسے قیامت تک کے لیے اُمتِ محمدﷺ کے لئے بطورعبادت لازم قرار دے دیا۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا، ’ یاد رکھیں! قربانی ایک رسم نہیں بلکہ ایک عالمگیر جذبہ ہے۔قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اعلی مقاصد کے حصول کے لئے اپنی متاع حیات کو اللہ کے راستہ میں قربان کرنا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔’

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں اس پر مسرت موقع پر اہلیان پاکستان اور پوری دنیا کے تمام مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے پر خلوص مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ عزو جل سے دعا گو ہوں کہ وہ ، پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے اور ہم سب کے اعمال صالحہ کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔۔۔ آمین۔

Eid ul Azha

Eid ul Adha 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div