Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

عالمی برادری ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کم کرنے میں مدد کرے، وزیراعظم

ایس سی او ریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرے، شہبازشریف
شائع 04 جولائ 2023 11:47pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کم کرنے میں مدد کرے۔

ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے بتایا کہ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقتصادی طور پر مربوط خطے کے مشترکہ وژن کو ترجیح دیتے ہوئے عالمی جغرافیائی و سیاسی تبدیلی پر شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم پر ٹھوس ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فریم ورک کے تحت ایشیا اور یورپ کے درمیان قدرتی پل کے طور پر پاکستان کے پرکشش جغرافیائی محل وقوع پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کریں اور داخلی سیاسی ایجنڈے کے حصول کے لئے پرتشدد اور مذہبی اقلیتوں کو بدنام کرنے کے خطرات سے خبردار کریں، تمام لوگوں کو بنیادی حقوق اور آزادی دے کر ہی پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے گزشتہ سال غیر معمولی سیلاب سے پاکستان کی تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے کہا کہ وہ اپنی یقین دہانیوں پر عمل کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کو کم کرنے اور ان سے ہم آہنگ ہونے میں مدد فراہم کرے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ شنگھائی تعاون تنظیم اپنی سرحدوں کے اندر رہنے والے لوگوں کے لئے ایک امید افزا مستقبل تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان خوشحالی، امن اور رابطے کے مشترکہ خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

Shehbaz Sharif

PM Shehbaz Sharif

shanghai cooperation organization

SCO meeting

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div