Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

عمران خان کو لانچ کرنے والوں نے 9 مئی کا منحوس دن دکھایا، خواجہ آصف

افغانستان سے ٹی ٹی پی کو لانے والے شہداء کے وارثوں کو بھی کچھ بتائیں، وزیر دفاع
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2023 05:11pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جو لوگ افغانستان سے ٹی ٹی پی کو پاکستان لائے، وہ آج شہید ہونے والوں کے وارثوں کو بھی کچھ بتائیں، یہی لوگ تھے جنہوں نے 2018 میں پی ٹی آئی چیئرمین کا پراڈکٹ لانچ کیا، اس پراڈکٹ نے قوم کو 9 مئی کا منحوس دن دکھایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ جن لوگوں نے پی ٹی آئی کی حکومت میں اسمبلی میں آکر ممبران کو بریفنگ دی اور افغانستان سے ٹی ٹی پی کو پاکستان لا کر بسانے کے فوائد بتائے اور پھر جزاروں کو لے آئے، وہ لوگ آج روزانہ شہید ہونے والوں کے وارثوں کو بھی کچھ بتائیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہی لوگ تھے جنہوں نے 2018 میں عمران خان کا پراڈکٹ لانچ کیا اور اس پراڈکٹ نے قوم کو 9 مئی کا منحوس دن دکھایا اور پھر 4 سال یہ گارنٹی کیا کہ وطن عزیز ہر لحاظ سے تباہی کا شکار ہو جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ شہداء کے خون کے صدقے اس پاک سرزمین کی حفاظت فرمائے۔ آمین

آرمی چیف کے بعد وزیر دفاع نے بھی افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا معاملہ اٹھا دیا

اس سے قبل رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق نہیں ادا کر رہا نہ ہی دوحہ معاہدے کی پاسداری کررہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اہنے پیغام میں خواجہ آصف نے لکھا کہ 50 سے 60 لاکھ افغانیوں کو پاکستان میں تمام تر حقوق کے ساتھ پناہ میسر ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ، ’اس کے بر عکس پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو افغان سر زمین پر پناہ گاہیں میسر ہیں، یہ صورت حال مزید جاری نہیں رہ سکتی‘ ۔

وزیردفاع نے مزید لکھا کہ ، ’پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا‘۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز 14 جولائی کو کوئٹہ گیریژن کے دورے کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کے اندر دہشتگرد حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر تشویش ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو افغانستان میں ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہوں اور آزادانہ طور سے دہشت گرد کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی، عبوری حکومت حقیقی معنوں میں دوحہ معاہدے میں کئے گئے وعدوں پر عملدرامد یقینی بنائے گی۔

یہ بیان بدھ کو بلوچستان میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے خلاف 2 دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں سامنے آیا جس میں ژوب اور سوئی میں حملوں میں 12 فوجی شہید ہوئے تھے۔

Army Chief

Khawaja Asif

Doha Agreement

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div