Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

توشہ خانہ کیس، 8 رپورٹرز کو عدالت میں آنے کی اجازت، پولیس کی صحافیوں سے ہاتھا پائی

عمران خان کی اپیلیں، فیس بک پوسٹوں کی تحقیقات اور کیس ٹرانسفر کی درخواست پر نوٹس
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2023 04:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

اسلام آباد سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں میڈیا کے کمرہ عدالت میں داخلے پر پابندی لگادی، تاہم پھر 8 رپورٹرز کو عدالت میں آنے کی اجازت دی گئی۔ پولیس نے کوریج کے لیے آنے والے صحافیوں کو دھکے بھی دیے۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے فیس بک پوسٹوں کی تحقیقات اور کیس ٹرانسفر کی درخواست پر نوٹس جاری کردیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کررہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکلاء امجد پرویز اور سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔

میڈیا پر تشدد

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد 11 بجے تک کا وقفہ کیا تھا۔ وقفے کے بعد توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت دوبارشروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔

جج ہمایوں دلاور نے کمرہ عدالت میں میڈیا کے داخلے پر پابندی لگائی۔

جس کے بعد اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔

پولیس اہلکاروں نے کوریج کے لئے عدالت آنے والے صحافیوں کو دھکے دیے۔

اسلام آباد پولیس نے صحافیوں سے ہاتھا پائی کی اور موبائل فونز چھننے کی کوشش بھی کی۔

اس کے بعد اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کے بیٹ رپورٹرز نے جج ہمایوں دلاور سے ملاقات کی ، جس کے بعد جج نے 8 رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں آنے کی اجازت دی۔

عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

خواجہ حارث نے کیس میں الیکشن کمیشن کے گواہ وقاص ملک اور دوسرے گواہ مصدق انور پر جرح مکمل کرلی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت بدھ کو 12 بجے تک ملتوی کردی۔

عمران خان کے وکیل گوہرعلی نے سماعت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی۔ سماعت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست چیف کمشنر آفس بھی جمع کروا دی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کی اپیلوں پر نوٹس

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تین اپیلوں پر سماعت کی۔

دستاویزات طلبی کی استدعا مسترد ہونے کیخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ ہمارا اعتراض تھا توشہ خانہ پروسیڈنگزکا ریکارڈ منگوائیں، ہمارے خلاف الیکشن کمشن کی توشہ پروسیڈنگز کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

خواجہ حارث کی بات پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے استفسار کیا کہ آپ الیکشن کمیشن کے سامنے توشہ خانہ کی جو پروسیڈنگز ہوئیں، ان کی بات کر رہے ہیں؟

خواجہ حارث نے کہا کہ جی توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمشن کے سامنے جو کاروائی ہوئی، الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی، الیکشن کمیشن نے کارروائی کے دوران توشہ خانہ کی تفصیلات طلب کیں۔

خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کے آرڈر کو چیلنج نہیں کررہا، ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا کررہا ہوں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ فیصلے کے بعد مزید ثبوت بھی منگوائے گئے اورکمپلینٹ فائل ہوئی۔

خواجہ حارث کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تینوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا۔

فیصلہ محفوظ کرنے کے کچھ دیر بعد عدالت عالیہ نے توشہ خانہ کیس میں دستاویزات طلب نہ کرنے کیخلاف عمران خان کی دو درخواستوں پرنوٹس جاری کیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیس بک پوسٹوں کی تحقیقات اور کیس ٹرانسفر کی درخواست پر نوٹس جاری کیے۔ توشہ خانہ درخواستوں پر الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کیا گیا۔

imran khan

tosha khana case

Tosha Khana Criminal Proceedings Case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div