Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

چیئرمین پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج

ملزم کو ایک مقدمے میں سزا ہوچکی قانون کے مطابق اب عبوری ضمانت نہیں بنتی، عدالت
شائع 11 اگست 2023 02:08pm

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی واقعات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سات مقدمات میں عبوری ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کردیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے جج اعجاز احمد بٹر نے کیس پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر جب کہ پروسیکیوشن کی طرف سے اسپیشل پروسیکیوٹر فرہاد علی شاہ پیش ہوئے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کیلئے مہلت طلب کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر دلائل کیلئے عدالتوں کے فیصلہ پڑھنا چاہتا ہوں، ملزم اٹک جیل میں قید ہے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ حاضری سے استثنی کی درخواست پر آج ہی دلائل دیں۔ جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ مجھے تیاری کیلیے وقت ملنا چاہے تاکہ میں عدالتوں کے پرانے فیصلے دیکھ سکوں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عبوری ضمانت کیلئے ملزم کا پیش ہونا ضروری ہے، ایک مختصر تاریخ دے سکتا ہوں جو میں دے چکا ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ مجھے مہلت دی جائے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو پہلے 3 دن دیئے، پھر بھی آپ کی تیاری نہیں ہے تو میں کیا کر سکتا ہوں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ایک مقدمے میں سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کو چوبیس اگست تک گرفتار کرنے سے روکا ہوا ہے، آپ بھی موقع دیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو ایک مقدمے میں سزا ہو چکی ہے اور وہ جیل میں ہے، ملزم یہاں کیسے پیش ہوسکتا ہے، حاضری معافی کی درخواست بلا جواز ہے، قانون کے مطابق اب عبوری ضمانت نہیں بنتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ان مقدمات میں تو ملزم ابھی گرفتار نہیں ہوا، اس کو ملزم ہی سمجھا جائے، اور سماعت ملتوی کی جائے۔

پروسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم جیل میں قید ہے، اب پیش نہیں ہوسکتا، اب عبوری ضمانت غیر موثر ہوچکی ہے، عدم پیروی پر عبوری ضمانت خارج کی جائے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کردیں۔

imran khan

pti chairman

chairman pti

atc lahore

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div