Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

حسان نیازی ٹرائل کے لیے فوج کے حوالے

جناح ہاؤس حملے کیس میں نامزد حدسان نیازی مرکزی ملزم ہیں، سرکاری وکیل
اپ ڈیٹ 18 اگست 2023 03:34pm

لاہور ہائیکورٹ میں پیش کی گئی پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حسان نیازی جناح ہاوس حملہ کیس کے مرکزی ملزم ہیں انہیں ملٹری ٹرائل کے لئے فوج کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ملزم کے وکیل فیض اللہ نیازی نے کہا کہ حسان نیازی کو عدالت نے اپنے پاس طلب کیا تھا، تھانہ سرور روڈ پولیس نے حسان نیازی کو ازخود گرفتار کرکے ملٹری عدالت کےسپرد کردیا ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف اور بازیابی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ نے حسان نیازی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کیا تھا۔

حسان نیازی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر آج بھی سماعت ہوئی، اور سرکاری وکیل نے ملزم سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حسان نیازی کو ملٹری کے حوالے کر دیا گیا ہے، حسان نیازی جناح ہاؤس حملے کیس میں نامزد ہیں اور مرکزی ملزم ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل کو حکم دیا کہ متعلقہ اتھارٹی سے پوچھ کر بتائیں دونوں باپ بیٹے کی ملاقات ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: حسان نیازی کو ایبٹ آباد پولیس نے کوئٹہ پولیس کے حوالے کردیا

تحریک انصاف رہنما حسان نیازی ایبٹ آباد سے گرفتار، حکام کا تصدیق سے گریز

حسان نیازی کے وکیل فیض اللہ نیازی نے عدالت کو بتایا کہ حسان نیازی کو عدالت کے ذریعے ملٹری کے حوالے کرنا تھا، مگر ایس ایچ او نے ایسا نہیں کیا اور قانون کے برعکس ایسا رول پلے کیا۔

وکیل نے کہا کہ حسان نیازی کو 13 اگست کو گرفتار کیا گیا، وہ 17 اگست کو پولیس کی حراست میں آئے، ان کا راہدری ریمانڈ کسی عدالت سے نہیں لیا گیا، عدالت ایس ایچ او کو بلو کر پوچھے اس نے ایسا غیر قانونی اقدام کیوں کیا۔

عدالت نے حسان نیازی کی والد سے ملاقات کے لیے سرکاری وکیل کو مہلت فراہم کردی، اور درخواست گزار کے وکیل کی استدعا پر سماعت 2 بجے تک ملتوی کردی گئی۔

حسان نیازی کے وکیل کی میڈیا سے بات

لاہور میں حسان نیازی کے وکیل فیض اللہ نیازی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حسان نیازی کو قانونی جواز کےبغیر ملٹری عدالت پیش کیا گیا، ملٹری عدالت پیش کرنے کے لئے عام عدالت کی اجازت قانونی تقاضا ہے۔

فیض اللہ نیازی نے کہا کہ حسان نیازی کو عدالت نے اپنے پاس طلب کیا تھا، تھانہ سرور روڈ پولیس نے حسان نیازی کو ازخود گرفتار کرکے ملٹری عدالت کے سپرد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی عسکری ٹاور اور جناح ہاؤس مقدمے میں نامزد ہیں، اور اس وقت بلوچستان پولیس کی زیرحراست ہے۔

حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ بیٹے کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

pti

PTI protest

Hassan Niazi

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div