Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

جولائی کے بجلی بل قسطوں میں لینے کا عندیہ، ریلیف کا فیصلہ منگل تک ملتوی

نگران وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس، تجاویز وفاقی کابینہ کو پیش کی جائیں گی، وزیراطلاعات
اپ ڈیٹ 29 اگست 2023 07:43am
نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس۔ فوٹو — پی آئی ڈی
نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس۔ فوٹو — پی آئی ڈی

بجلی کے بلوں میں ریلیف کیلئے نگراں وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں نگراں صوبائی وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم انوار الحق نے بجلی نرخوں اور زائد بلوں پر نگراں وزیر توانائی سے مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجلی کے بلوں میں ممکنہ ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ اداروں کے افسران اور ملازمین کو مفت بجلی کی فراہمی کے معاملہ پر بھی غور ہوا۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے بلوں میں فی الحال کمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، اس کے بجائے زیادہ قسطوں کی تجویز ہے۔

زائد بلوں کی ادائیگی سردی کے بلوں میں ایڈجسٹ کرنے کی تجویز ہے۔

اس کے ساتھ بجلی صارفین کو ون سیلب بینفٹ کی تجویز بھی ہے۔

اجلاس میں وزیر توانائی کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ممکنہ ریلیف سے متعلق مختلف آپشنز پیش کیے گئے، بجلی کے بلوں میں شامل ٹیکسز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں جولائی کے بل قسطوں میں وصول کرنے کی تجویز پر بھی غور ہوا، عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف سے متعلق حتمی فیصلہ منگل کو ہوگا۔

خیال رہے کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مفت بجلی استعمال کرنے والے افسران کی رپورٹ طلب کرکے تقسیم کار کمپنیوں کو اڑتالیس گھنٹے میں ٹھوس اقدامات کرنے ہدایت کی تھی۔

اجلاس کے بعد نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بتایا کہ وزارت توانائی نے بجلی کے بلوں کے مسئلہ پر تجاویز کو حتمی شکل دے دی ہے، یہ تجاویز منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی، حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کیونکہ ان تجاویز اور فیصلوں کی منظوری کی مجاز صرف وفاقی کابینہ ہے، اس لئے فیصلہ کیا گیا کہ تجاویز اور فیصلے منظوری کے لئے وفاقی کابینہ پیش کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے گریڈ 17 اور اوپر کے افسران کو مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کے بعد نگراں وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے نرخوں کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں صارفین کو ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی گئی تھی۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے بھاری بلوں پر ملک گیر احتجاج کے بعد کہا ہے کہ نگراں حکومت اپنے مینڈیٹ کے اندر رہتے ہوئے جلد از جلد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کرے گی۔

electricity price

electricity bill

Caretaker PM

anwar ul haq kakar

Electricity Charges