Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

معاشی استحکام کے منافی سرگرمیاں ختم کرنے کیلئے فوج حمایت کرے گی، کورکمانڈرز کانفرنس

ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہو گا
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2023 12:31am

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 259 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کے خاتمے کیلئے حکومت کی مدد کی جائے گی۔

کانفرنس کے دوران ”آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا“۔

جنرل عاصم منیر نے فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔“

کانفرنس کے شرکاء نے مزید کہا کہ ”ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی زیر نگرانی جاری ہیں، اُس کی مکمل حمایت کی جائے گی“۔

شرکاء نے کہا کہ ”ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیر ملکی سر مایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی“۔

آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کانفرنس کے شرکاء نے ہر قسم کے بلواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

کانفرنس کے شرکاء کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ ”ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈہ کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا اور اس کے نتیجے میں ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہونگے“۔

شرکاء نے مزید کہا کہ ”دہشتگرد جو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، وہ، اُن کے سہولت کاروں اور اُن کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی“۔

اہم بیٹھک میں شرکاء نے کہا کہ ”ریاست پاکستان، مسلح افواج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں“۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستانی فوج دنیا کی ساتویں طاقتور ترین فوج بن گئی

دنیا کی سب سے طاقتور افواج کی رینکنگ جاری، پاکستان کہاں سے کہاں آگیا

کانفرنس کے شرکاء نے 6 ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا ء کو بھرپور طریقے سے منانے پر پاک فوج کی طرف سے اپنی قابلِ فخر قوم کا شکریہ ادا کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہداء جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اُن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔”شہداء کے ایصال وثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی“۔

security forces

Army Chief General Asim Munir

security forces operation