Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

خواتین خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا خواتین سمپوزیم میں خطاب
شائع 27 ستمبر 2023 07:52pm
تصویر: آئی ایس پی آر
تصویر: آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔

پاک فوک کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سمپوزیم میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، خیبر پختونخوا کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خواتین خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کا پورا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے اور عوام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔

شرکاء نے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنے پیارے ملک کے امن اور خوشحالی کے لئے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاک فوج خیبرپختونخوا میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، تاکہ معاشی ترقی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے‘۔

Army Chief General Asim Munir

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div