Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سفارت کاری کا نیا انداز، امریکی وزیر خارجہ نے گٹار اٹھا لیا

امریکہ کی اس میوزک ڈپلومیسی کا مقصد کیا ہے؟
شائع 28 ستمبر 2023 09:53pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

موسیقی کے دیرینہ پرستار امریکہ کے اعلیٰ سفارت کار انٹونی بلنکن نے بدھ کو گٹار پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نئی مہم کا افتتاح کیا۔

اس نئے اقدام یعنی ”میوزک ڈپلومیسی“ کے تحت اعلیٰ امریکی فن کاروں کو چین اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں بھیجا جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے دفتر استقبالیہ میں جاز آئیکون ہربی ہین کوک، نروانا اور فو فائٹرز سے مشہور ہونے والے ڈیوے گروہل اور ابھرتے ہوئے پاپ سنگر گائل کی پرفارمنس کے بعد بلنکن نے خود اسٹیج پر پہنچ کر گٹار سنبھالا اور ازراہ مذاق کہا، ’اب میرے لیے میدان خالی کردیں‘۔

گٹار بجاتے ہوئے اپنے نرم لہجے میں بلنکن نے جب مڈی واٹرز کا مشہور نغمہ ”ہوچی کوچی مین“ گایا تو وہاں موجود سامعین نے پرجوش اندازمیں تالیاں بجائیں۔

پچھلی کئی دہائیو ں سے امریکی پاپ کلچر دنیا کے بیشتر حصوں میں مقبول ہو رہا ہے، حالانکہ یہ بالعموم حکومتی معاونت کے بغیر ہی پروان چڑھا ہے۔

بلنکن کے اس گٹار ڈپلومیسی کے تحت ہین کوک اردن کا دورہ کریں گے۔ وہ سعودی عرب میں بھی اپنی نوعیت کا پہلا دورہ کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سخت اسلامی مملکت نے حال ہی میں عوامی موسیقی پرفارمنس کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ جو ولی عہد اور سعودی عرب کے عملاً حکمراں محمد بن سلمان کے اصلاحی پروگراموں کا حصہ ہے۔

فلاڈیلفیا آرکسٹرا نومبر میں چین کے دورے پر جائے گا۔ یہ پروگرام اس ایشیائی ملک میں سن 1973 میں، جس کے بعد اس نے دنیا کے اپنے دروازے بڑی حد تک بند کردیے تھے، اس کے پہلے دورے کی پچاسویں سالگرہ کی مناسبت سے ہو رہا ہے۔

اس میوزک ڈپلومیسی کا مقصد کیا ہے؟

گلوبل میوزک ڈپلومیسی کے تحت نئی امریکی نسلوں کو دنیا کے مختلف ملکوں کے دورے پر بھیجا جائے گا۔ آنے والے برسوں میں تقریباً 30 ملکوں کے دورے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔

اس اقدام کے تحت امریکی ریپرز نائجیریا میں بھی نظر آئیں گے جہاں وہ تنازعات سے نمٹنے کے لیے موسیقی کے استعمال پر بھی بات کریں گے۔

بلنکن نے اپنی پرفارمنس سے قبل کہا، ’نسلوں تک، امریکی ڈپلومیسی لوگوں کے درمیان حقیقی پل بنانے، امریکیوں اور دنیا کے دیگر ملکوں کے عوام کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے موسیقی کی طاقت کو بروئے کار لائی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ کو موسیقی کے پس پردہ احساسات کو مربوط کرنے کے لیے کسی تاریخ کو جاننے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ موسیقی ہماری مشترکہ انسانیت کے بندھن سے وابستہ جڑوں میں پیوست ہے۔‘

Antony Blinken

Guitar

Music Diplomacy

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div