Aaj News

پیر, نومبر 11, 2024  
08 Jumada Al-Awwal 1446  

مہنگائی میں اضافے کی شرح 31 فیصد سے تجاوز کرگئی

ستمبر میں اشیائے خور ونوش کی مہنگائی کی شرح میں بدستور اضافہ
شائع 03 اکتوبر 2023 09:19am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان میں مہنگائی کی سالانہ شرح ستمبر میں 31.4 فیصد ہوگئی جو اگست میں 27.4 فیصد تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق بنیادی افراط زر 0.2 فیصد پوائنٹس بڑھ گیا جو اگست میں 18.4 فیصد پر تھا، جب کہ ہول سیل پرائس انڈیکس جولائی-ستمبر میں 0.92 فیصد اضافے کے بعد 24.61 فیصد پر جا پہنچا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر میں اشیائے خور ونوش کی مہنگائی کی شرح میں بدستور اضافہ ہوا اور 33.1 فیصد پر پہنچ گئی ہے اور سالانہ بنیاد پر 38.4 فیصد ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہری علاقوں میں سالانہ مہنگائی کی شرح 29.7 فیصد تک بڑھی ہے اور دیہی علاقوں میں 33.9 فیصد ہوگئی ہے۔

رواں مالی سال 24-2023 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں اوسط افراط زر 29.04 فیصد رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 25.11 فیصد تھی۔ ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر یہ ستمبر 2023 میں بڑھ کر 2 فیصد ہوا جب کہ اس سے پچھلے ماہ میں 1.7 فیصد اضافہ اور ستمبر 2022 میں 1.2 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔

سی پی آئی افراط زر کی شرح ستمبر 2023 میں سال بہ سال کی بنیاد پر بڑھ کر 29.7 فیصد ہوگئی۔

دیہی علاقوں میں سی پی آئی افراط زر کی شرح سال بہ سال کی بنیاد پر 33.9 فیصد رہی جبکہ اس سے پچھلے ماہ یہ 30.9 فیصد پر تھی۔

سال بہ سال کے دوران حساس پرائس انڈیکس (ایس پی آئی) افراط زر ستمبر 2023 میں بڑھ کر 32 فیصد، ہول سیل پرائس انڈیکس (ڈبلیو پی آئی) سالانہ بنیاد پر افراط زر کی شرح ستمبر 2023 میں اضافے سے 26.4 فیصد اور نان فوڈ نان انرجی اربن کی پیمائش 0 اشاریہ 2 فیصد بڑھ کر 18.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

سالانہ بنیاد پرکیا کچھ مہنگا ہوا

  • بجلی چارجز: 163 فیصد
  • مصالحے: 158 فیصد
  • میوہ جات: 99 فیصد
  • کپڑے اورجوتے: 24 فیصد
  • ادویات: 71 فیصد
  • الکوہلک بیوریجز اور تمباکو: 87.45 فیصد
  • گھریلو اشیا: 39.32 فیصد
  • اشیائے خورونوش: 38.41 فیصد
  • دیگر اشیا اور خدمات: 36.42 فیصد
  • ریسٹورنٹس اور ہوٹلز: 34.3 فیصد
  • تعلیم: 11.12 فیصد
  • مواصلات: 7.42 فیصد
  • ہاؤسنگ اور یوٹیلیٹیز: 29.7 فیصد
  • صحت: 25.28 فیصد

ادارہ شمایرات کے مطابق اگست میں پیاز 39.32 فیصد، دال مسور 19.80 فیصد، تازہ سبزیاں 11.77 فیصد، چینی 10.28 فیصد جب کہ دال ماش 9.46 فیصد، دال مونگ 5.51 فیصد، پھل 4.46 فیصد اور دال چنا کی قیمت میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ ٹماٹر 13.80 فیصد، زندہ مرغی 11.82 فیصد، کوکنگ آئل 1.52 فیصد، آلو 1.07 فیصد، گندم 0.95 فیصد، چائے کی پتی 0.73 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ستمبر 2023ء کے ہول سیل پرائس انڈیکس میں اگست 2023ء کے مقابلے میں 3.15 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ گزشتہ سال کے ستمبر کے مقابلے میں بڑھ کر 26.39 فیصد ہوگئی۔

Inflation

cpi

Pakistan Bureau of Statistics

food inflation

Pakistan Inflation