Aaj News

جمعہ, دسمبر 06, 2024  
03 Jumada Al-Akhirah 1446  

شوہر سے لازوال محبت بیوی کو میدان جنگ لے گئی

تھیٹر پلے ”تیک تاک“ فارسی زبان میں پیش کیاگیا
شائع 04 اکتوبر 2023 11:43pm
Amazing performance of Iranian artists in Pakistan Theater Festival - Aaj News

پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے 25ویں روز ایرانی تھیٹر گروپ کی جانب سے تھیٹر پلے ”تیک تاک“ فارسی زبان میں پیش کیاگیا جہاں ایران سے آئے فنکاروں نے اپنے فن اور حرکات سے شائقین کو محبت کی داستان سنادی۔

تھیٹر کے رائٹر مہدی صلحیار جبکہ ڈائریکٹر احمد ندافی تھے ، ڈرامہ کی کاسٹ میں مریم السادات،علی رضاشامل تھے۔

ایرانی آرٹسٹ نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے دفعہ پاکستان آئیں ہیں یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں ۔

پاکستان آکر پرفارم کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حالانکہ صرف دو ہی پاکستانی تھیٹر اب تک دیکھی ہیں لیکن وہ دو انہیں بہت اچھی لگیں۔

کھیل کے ہدایتکار نے پاکستانی فنکاروں کو بھی ایران میں پرفارم کرنے کی دعوت دی انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستانیوں نے ہمارے کھیل کو پسند کیا ایسے ہی ایران وا لے بھی یہاں کے کھیلوں کا پسند کرتے ہیں ۔

تھیٹر میں ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید تلبیعنی، قونصل جنرل فرانس، قونصل جنرل انڈونیشیا، قونصل جنرل کویت، قونصل جنرل ملائیشیا، قائم مقام قونصل جنرل افغانستان، قونصل جنرل سعودی عرب، قونصل جنرل اومان، قونصل جنرل یمن سمیت دیگر سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع افغانستان کے قائم مقام کونسل جنرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کے ڈرامے میں دکھایا گیا ایسے ہی جنگ بری چیز ہے کسی کے فائدہ میں نہیں ہے۔ ْ

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان پر ہمیشہ جنگ مسلط کی گئی تاہم ہماری خواہش ہے کہ پوری دنیا میں امن قائم ہو۔

تھیٹر دیکھنے آئے کونسل جنرل اومان کا کہنا تھا کہ آرٹ کے ذریعے دو ملکوں کے ثقافت کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔

ان کا کہنا تھا بے شک ڈرامے کی زبان سمجھ نہیں آئی لیکن آرٹسٹوں نے اپنے فن سے سب سمجھا دیا ۔

ڈرامہ میں دکھایا گیا کہ ایک سپاہی برسوں سے ایک ٹاور کی حفاظت کر رہا ہے اور اس کی بیوی اپنے شوہر کو بلانے کے لیے جنگی علاقے میں پہنچ گئی ہے کیونکہ اسے اس کے گھر واپس آنے کی کوئی امید نہیں ہے۔

اسی وقت دشمن کا ایک سپاہی پکڑا جاتا ہے۔ یہ قیدی فوجی (خاتون کے شوہر) سے بہت ملتا جلتا ہے۔

عورت پوری کوشش کرتی ہے کہ ان دونوں کو سمجھائے کہ تمہاری آپس میں کوئی جنگ نہیں ہے اور تمہارے کمانڈروں نے ہی تمہیں لڑنے پر اکسایا ہے جبکہ جنگ کی قیمت صرف تمہارے سپاہی ادا کرتے ہیں نہ کہ وہ کمانڈر جن سے تم نے کبھی نہیں لڑا اورنہ ملے۔

وہ صرف وائرلیس کے ذریعے آپ سے جڑے ہوئے ہیں۔ آخر میں سب مارے جاتے ہیں اور اس کی جگہ ایک نیا سپاہی آتا ہے۔

شائقین نے ایرانی تھیٹر گروپ کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔

Iran