Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

ابھی تک ایسا کوئی کیس آیا نہیں جس میں عورت نے مرد کا حق مارا ہو، چیف جسٹس

سپریم کورٹ نے 34 سال بعد بھانجی کو ماموں سے حق دلوا دیا
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2023 09:55pm
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ ۔ فوٹو:فائل
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ ۔ فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے 34 سال بعد بھانجی کو ماموں سے حق دلوا دیا، عدالت نے محکمہ مال ڈی جی خان کو خاتون کو 5 مربع زمین کا فوری قبضہ فراہم کرنے اور ماموں کو قانونی چارہ جوئی کے تمام اخراجات بھانجی کو ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست گزار کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ایسا کوئی کیس آیا نہیں جس میں عورت نے مرد کا حق مارا ہو، شرافت سے زمین بھانجی کے حوالے کردیں۔

سپریم کورٹ میں سردار منصور نامی شخص کی درخواست پر بھانجی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس فائزعیسی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ بھانجی (سارہ اختر) نے اپنے ماموں سردار منصور کو اپنی زمین 1989 میں فروخت کی لیکن 20 سال بعد اس نے زمین کی ملکیت کا دعوی کیا اور اپنے ہی دستخط سے انکاری ہوگئی۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ زمین کی خریداری ثابت کرنا خریدار کا کام تھا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ تین عدالتوں نے درخواست گزار کیخلاف فیصلہ دیا۔

بھانجی سارہ اختر کے وکیل یاسین بھٹی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف پیش کیا کہ زمین کی مبینہ فروخت کے وقت سارہ اختر نابالغ تھی، جب کہ سارہ کے ماموں سردار منصور سابق چیئرمین ضلع کونسل ہیں، سردار منصور نے سارہ کی زمین اپنے کم سن بچوں، اہلیہ، ساس اور سالے کے نام منتقل کرالی۔

چیف جسٹس نے درخواست گزار سردار منصور کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق کو غیرآئینی، غیرشرعی طریقے سے صلب کیا جا رہا ہے، شرافت سے زمین بھانجی کے حوالے کردیں۔

وکیل نے چیف جسٹس فائز عیسی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا عدالت کہتی ہے خواتین جو بھی کہیں وہ درست مانا جائے گا۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ خواتین کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دے رہے، وہی آبزرویشن دی ہے جو بدقسمتی سے معاشرے میں ہو رہا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ لازمی نہیں ہمیشہ مرد ہی عورت کا حق مارے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ابھی تک ایسا کوئی کیس آیا نہیں جس میں عورت نے مرد کا حق مارا ہو۔

عدالت نے محکمہ مال ڈی جی خان کو بھانجی سارہ اختر کو پانچ مربع زمین کا فوری قبضہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا اور ماموں کو قانونی چارہ جوئی کے تمام اخراجات بھانجی کو ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

CJ Faez Isa

CJP FAEZ ISA