Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی کا بیان مسترد کردیا

انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، الیکشن کمیشن کا اعلامیہ
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2023 05:22pm

الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کے بیان کی تردید کردی، ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں، پلان کے مطابق تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کمیشن پہلے ہی پوزیشن واضح کر چکا ہے۔

گزشتہ روز سینئر صحافی حامد میر کے پروگرام میں صدر مملکت عارف علوی سے جب سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو ابھی یقین ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن ہوجائے گا؟ تو جواب میں انہوں نے کہا کہ ’نہیں مجھے یقین نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں کہ جب سپریم جوڈیشری نے اس بات کو اپنی نظر میں لے لیا ہے تو وہاں سے بہت ہی مناسب فیصلہ آئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان کے مؤقف کی تردید کرتے ہوئے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ صدرمملکت کے انٹرویو کے دوران الیکشن کےانعقاد کے بارے میں بیان کی وجہ سے یہ تاثرگیا ہے کہ شاید الیکشن ملتوی ہوجائیں گے، الیکشن کمیشن پہلے ہی پوزیشن واضح کر چکا ہے، حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، اعتراضات دائر کرنے کا دوسرا مرحلہ کل یعنی 27اکتوبر 2023 کو مکمل ہوجائے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت 30/31 اکتوبرسے شروع ہوگی، 30 نومبر 2023 کو الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہو جائیں گی، حلقہ بندی کی حتمی اشاعت کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا، اس میں کسی قسم کا ابہام نہیں۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جنوری 2024 کے تیسرے ہفتے میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی تاریخ سامنے نہیں آسکی ہے۔

ECP

President Arif Alvi

Arif Alvi

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div