Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

2 ہفتے کمی کے بعد مہنگائی نے پھر سر اٹھا لیا، 12 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

مہنگائی کی شرح 29.88 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی
شائع 03 نومبر 2023 03:00pm
فوٹو ـــ فائل
فوٹو ـــ فائل

مسلسل دو ہفتے کمی کے بعد ایک بار پھر مہنگائی نے زور پکڑ لیا ہے اور ایک ہفتے کے دوران 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29 اعشاریہ 88 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ واررپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق 2 ہفتے کمی کے بعد تیسرے ہفتے پھرسے مہنگائی کا پارہ چڑھ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں0.71 فیصد کا اضافہ ہوا، اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29.88 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں ٹماٹر 34 روپے اضافے سے 165روپے فی کلو ہوگئے، اور پیاز 25 روپے اضافے سے 123روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کی اوسطاً قیمت37 روپے اضافے سے 349 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جب کہ چائے کی پتی، چینی، چاول، دودھ، لہسن، آلو، انڈے بھی رواں ہفتے مہنگے ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 14اشیا سستی بھی ہوئیں، اس دوران ایل پی جی گھریلو سیلنڈر 33 روپے کمی سے 3125 روپے کا ہو گیا، ایک ہفتے میں گھی7 روپے کمی سے 522 روپے فی کلو ہوگیا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال مونگ، دال مسور، دال چنا، ماش، کیلا، گڑ اور آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی۔ جب کہ ایک ہفتے کے دوران25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Inflation

food inflation

Pakistan Inflation

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div