Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، نگراں وزیر داخلہ

دہشتگردوں کی مالی معاونت کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، سرفراز بگٹی
شائع 24 نومبر 2023 07:23pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

نگراں وفاقی وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ، سرمایہ داروں اور تاجروں کا تحفظ کیا جائے گا، اسمگلنگ روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں نگراں وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری داخلہ، نیشنل کوآرڈی نیٹر نیکٹا، تمام آئی جیز سمیت چیف سیکرٹریز، انٹیلی جنس ایجنسیز کے اعلی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، تمام آئی جیز کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملد رآمد پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے شرکاء کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور ملک میں دیر پا امن قائم کیا جائے، دہشت گرد جماعتوں اور انتہا پسند جماعتوں کے خلاف مؤثرکارروائی کی جائے گی، سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی پولیس، فوج اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران جوان قربانیاں دے رہے ہیں اور قربانیوں کی بدولت یہ ملک پر امن رہے گا اور یہاں پر خوشحالی آئے گی، ہم جوانوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے، جس کو جاری رکھا جائے گا، منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کو روکنے کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز تقاریر کرنے اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، تمام فنانشل ادارے، بینک اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کردارادا کر رہے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مالی لین دین میں شفافیت لائی جارہی ہے، کالعدم تنظیموں اور کالعدم افراد (فورتھ شیڈول میں شامل افراد) کو چندہ دینے پر مکمل پابندی ہے، پاکستانی اپنا صدقہ خیرات صرف چیرٹی کیش کے منظور شدہ اداروں کو دیں، تمام صوبوں میں انسداد دہشت گردی کے اداروں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد

national action plan

Caretaker Interior Minister

sarfaraz bugti

National Action Plan Coordination Committee

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div