Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

توشہ خانہ کیس: الیکشن کمیشن نے دلائل کی تیاری کیلئے دو ہفتوں مہلت مانگ لی

جتنا جلدی ممکن ہے تحریری دلائل جمع کرائیں، عدالت کی وکیل الیکشن کمیشن کو تنبیہ
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2023 03:26pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل کی تیاری کے لئے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جتنا جلدی ممکن ہے تحریری دلائل جمع کرائیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے وکلاء لطیف کھوسہ اور بابر اعوان اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل

وکیل لطیف کھوسہ روسڑم پر آئے اور دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف فیصلہ معطل کیاجائے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ آرڈر میں ترمیم کروانا چاہتے ہیں۔ جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ جی میں آرڈر میں ترمیم بھی چاہتا ہوں، الیکشن کمیشن نے چئیرمین پی ٹی آئی کو 5 سال کیلئے نا اہل کیا، 5 اگست کو ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزاسنائی۔

لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ میں کیوں کہہ رہا ہوں کہ فیصلے کو معطل کیا جائے، 8 فروری کو قومی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، مجھے کہا گیا 20 روزمیں انٹرا پارٹی الیکشن کروائیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں، انتخابات سے باہرہونے سے حقوق متاثر ہو رہے ہیں، اس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہیں، انتخابات میں سب کو لیول پلیئر فیلڈ ملنی چاہیے، ہائیکورٹ کے پاس اپنے فیصلے پر نظرثانی کا مکمل اختیار ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز کی استدعا

وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے مخالفت کرتے ہوئے کہا نئے گراؤنڈز کے بغیر چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابل سماعت نہیں، سزا معطلی اور خاتمے کیلئے مختلف گراؤنڈز ہوتے ہیں۔

امجد پرویز نے دلائل کی تیاری کیلئے دو ہفتوں مہلت کی استدعا کردی۔ جس پرعدالت نے امجد پرویز کو تحریری معروضات دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جتنا جلدی ممکن ہے تحریری دلائل جمع کرائیں، تحریری معروضات دیں گے تو عدالت آرڈرکرے گی۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

imran khan

Toshakhana

tosha khana case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div