Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

بیوی اور بچوں کو قتل کرنے والا ملزم 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب
شائع 01 دسمبر 2023 03:46pm
اسکرین گریب — ویڈیو آج نیوز
اسکرین گریب — ویڈیو آج نیوز

گلستان جوہر میں خاتون اور3 بچوں کے سفاکانہ قتل میں گرفتار ملزم ارشد علی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خاتون اور 3 بچوں کے سفاکانہ قتل کیس میں گرفتار ملزم ارشد علی کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا۔

تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ارشد علی مقتولین بچوں کا باپ اور مقتولہ کا شوہر ہے، ملزم کے خلاف مقتولہ صائمہ کے والد سلیم بلوچ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں قتل کی دفعات شامل ہیں۔

مدعی مقدمہ نے عدالت میں بیان دیا کہ رات ڈیرھ بجے داماد ارشد علی نے گھر آکر واقعہ کی اطلاع دی تھی، شبہ ہے کہ میرے داماد نے ہی نامعلوم وجہ پر بیٹی اور نواسوں کو قتل کیا، گھر کے مختلف حصوں میں بیٹی اور بچوں کی گلا کٹی لاشیں ملی تھیں۔

عدالت کی جانب سے ملزم کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

گھر سے 3 بچوں اور ماں کی لاش برآمد

گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 5 کامران چورنگی کے قریب شیر محمد گوٹھ میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی، جہاں ایک گھر سے ماں اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، اور چاروں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون اور 3 بچوں کے قتل کی واردات میں مبینہ طور پر شوہر ہی ملوث ہے، ملزم نشے کا عادی ہے اور اس کے بیانات میں بھی تضاد ہے، وہ حراست میں لئے جانے پر بیان بدلتا رہا، اس نے پہلے بتایا کہ وہ نشے کیلئے ماموں کے گھر کی طرف گیا ہوا تھا، لیکن جب تصدیق کیلئے ماموں کا بیان لیا گیا تو ملزم نے دوبارہ بیان بدل لیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں مقتولین کی شناخت 35 سالہ صائمہ، 9 سالہ اشہد، 7 سالہ شاہ زین اور 2 سالہ عمارہ کے نام سے ہوئی۔

اس سے قبل کہا گیا تھا کہ واقعے کے وقت گھر کا سربراہ گھر پر موجود نہیں تھا، بچوں کے چچا کا کہنا تھا کہ بھائی کسی کام سے باہر گیا تھا، رات دو بجے واپس گھر آیا تو بیوی اور بچوں کی لاشیں دیکھیں۔

پولیس نے گزشتہ روز ہی ملزم ارشد علی کو گرفتار کرلیا تھا، تاہم ملزم نے واردات میں ملوث ہونے سے انکار کردیا تھا۔

Sindh Police

Karachi Crime

Karachi Street Crimes

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div