Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

وزرات خزانہ الیکشن کیلئے رقم کے اجراء میں ناکام، ایک دو روز میں فنڈز منتقلی کا امکان

مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے
اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2023 08:26pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

عام انتخابات 2024 کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی پر الیکشن کمیشن حکام اور سیکرٹری خزانہ کے درمیان ہونے والی ملاقات ختم ہوگئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے انتخابات کے لیے فنڈ جاری نہ ہونے کی صورت میں آج سیکرٹری خزانہ کو طلب کیا تھا جس پر امداد اللہ بوسل نے الیکشن کمیشن پہنچ کر حکام سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے بعد الیکشن کمیشن سے روانگی کے دوران صحافی نے سیکرٹری خزانہ سے فنڈ منتقلی کے حوالے سے سوال کیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے فنڈ ایک سے دو روز میں جاری کر دیں گے، جتنے فنڈز کمیشن مانگے گا اتنا ہی دیا جائے گا۔

مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے لیکن وزارت خزانہ نے تاحال 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے لیے بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے، الیکشن کمیشن کوفوری طور پر 17 ارب روپے درکار ہیں اور بارہا رجوع کے باوجود ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

چیف الیکشن کمیشن کمشنر نے صورتحال سے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو بھی آگاہ کرنے کے لیے انہیں خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

’الیکشن کمیشن کی مالی ضرورت پوری کرنے کیلئے کوئی بحران نہیں‘

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا کہنا ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لیے کوئی بحران نہیں، منظور کردہ 42 ارب رپے میں سے 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی الیکشن کمیشن کو جاری کی جا چکی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک ٹویٹ میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کی بجٹ ضروریات پوری کرنے کے لیے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی، 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے منظور شدہ بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی، اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی، ہم آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں پڑھیں

نگراں وزیراعظم کی الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے فنڈز اور سیکیورٹی فراہمی کی یقین دہانی

انتخابات میں الیکشن کمیشن کا 10 لاکھ 7 ہزار361عملہ تعینات ہوگا، حتمی فہرستیں تیار

واضح رہے کہ اس وقت کے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 10 جون کو پوسٹ بجٹ پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ حکومت اور کابینہ کی حد تک عام انتخابات کے لیے بجٹ میں رقم مختص کر دی گئی لہذا الیکشن وقت پرہونے چاہئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے الیکشن میں تاخیرسے متعلق کوئی بیان نہیں دیا ، ہم نے بجٹ میں الیکشن کمیشن کیلئےالیکشن کے پیسے رکھ دیے ہیں۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ چیف الیکشن کمشن سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کے دوران نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے فنڈز اور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔

پاکستان

ECP

Election

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div