Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کانوائے پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس کی جانب جا رہے تھے، بھارتی میڈیا
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2023 09:49am
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے ٹرکوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا، جس میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے، ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس جارہے تھے۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے دو ٹرکوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، جس میں 5 اہلکاروں کی ہلاک کی تصدیق ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے اس وقت حملہ کیا گیا جب ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس کی جانب جا رہے تھے، اور راجوڑی پونچھ کے علاقے میں ڈیرہ کی گلی سے گزرے تو ان پر حملہ کردیا گیا، ٹرک میں موجود فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے نہیں بتایا گیا۔

مسلح افراد نے ٹرک کو چاروں طرف سے گھیر کر اتنا اچانک حملہ کیا کہ ٹرک میں موجود بھارتی فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع کے بعد بھارتی فوجیوں کی مزید نفری طلب کرلی گئی اور علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے نام پرعام نہتے شہریوں پر ظلم کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب مودی سرکار نے حسب روایت اس واقعے کا الزام بھی پاکستان کے سر تھونپ دیا ہے۔

انتخابات قریب آتے ہی مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشنز اورپاکستان مخالف پروپیگنڈا میں اضافہ ہوجاتا ہے، اور اس بار بھی سرن کوٹ میں بھارتی فوجی قافلے پر حملے کا الزام بھی فوراً پاکستان پر لگا دیا گیا ہے۔

سرن کوٹ پونچھ کا علاقہ بھارت کے اندر ایل او سی سے 15 سے20 کلو میٹر دور ہے، لیکن بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس اور شریر میڈیا نے پاکستان پر بغیر ثبوت الزام لگانا شروع کر دیا ہے۔

رواں سال مودی سرکار متعدد فالس فلیگ آپریشن کر چکی ہے، فالس فلیگ آپریشنز کا مقصد پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر انتخابات میں ہمدردی حاصل کرنا ہے۔

25 جنوری کو ریپبلک ڈے سے قبل اور26 اپریل کو راجوڑی میں جی ٹوینٹی اجلاس میں فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا گیا۔

21 مئی کو پونچھ، 14 ستمبر کو اننت ناگ اور 28 اکتوبر کو نیلم میں بھی فالس پلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا۔ جب کہ 5 اکتوبر کو بھارتی میڈیا نے راجوری میں دہشتگرد حملے اور پاکستان پر معاونت کا الزام لگایا، اس کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ بھارتی میجر نے فائرنگ سے 5 بھارتی فوجی مار دئیے تھے۔

بھارتی میڈیا نے بھٹنڈہ میں ہونے والے واقعے کو دہشتگردی قرار دے کر الزام پاکستان پر لگا دیا، لیکن بعد میں انکشاف ہوا کہ بھارتی فوجی نے جنسی زیادتی سے تنگ آ کر 4 ساتھیوں کو مار ڈالا تھا۔

2014 کے انتخابات سے سرجیکل اسٹرائیک اور 2018 کے انتخابات سے پلوامہ حملے کا ڈرامہ بھی رچایا گیا۔ جب کہ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیا پال ملک اور صحافی رویش کمار بھی پلوامہ حملے کے جعلی ہونے کا انکشاف کر چکے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا حالیہ پروپیگنڈا پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے کامیاب دورہ امریکا کو متاثر کرنے کی مذموم کوشش ہوسکتی ہے، تمام فالس فلیگ آپریشنز کی اطلاع را کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس سے سب سے پہلے بریک کی جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دن بہ دن بگڑتی صورت حال سے گھبرا کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں ہندوستانی مظالم کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے، جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں اندورنی سیکورٹی کے حالات ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔

Indian occupied Kashmir

indian force

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div