Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

مذہب سے سیاسی فائدہ نہ اٹھایا جائے، ششی تھرور کی بی جے پی پر شدید نکتہ چینی

حکومت کا بنیادی کام کاروباری ماحول کو فروغ دینا، عوام کی بہبود یقینی بنانا اور قومی سلامتی پر متوجہ رہنا ہے، کانگریسی ایم پی کا ٹوئیٹ
شائع 27 دسمبر 2023 04:32pm

بھارت کے معروف سیاست دان اور پارلیمنٹ میں کانگریس کے رکن ششی تھرور نے کہا ہے کہ مندر یا کوئی اور عبادت گاہ حکومت کا معاملہ نہیں۔ حکومت کا بنیادی کام عوام کی بہبود یقینی بنانا ہے۔

بدھ کو ایک ٹوئیٹ میں ششی تھرور نے کہا کہ 22 جنوری کو ایودھیا میں رام جنم بھومی مندر میں مورتی رکھنے کی تقریب میں انہیں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی پر براہِ راست تنقید کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ مذہب کسی بھی انسان کا ذاتی معاملہ ہے۔ حکومت کو ان معاملات میں ملوث نہٰیں ہونا چاہیے۔ مذہب کو سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے بھی بروئے کار نہیں لانا چاہیے۔

ششی تھرور نے کہا کہ میں ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہیں ہوں جو اپنے سیاسی مقاصد اور اقتدار کے استحکام کے لیے لوگوں کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ رام جنم بھومی مندر میں مورتی نصب کرنے کے عمل کو سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ میڈیا بھی ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنا ہوا ہے۔

ششی تھرور نے کہا کہ جو لوگ اقتدار ملنے پر بھی لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہتے ہیں وہ لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے مذہب کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنہیں اقتدار ملا ہو انہیں کاروبار دوست ماحول یقینی بنانا چاہیے اور بے روزگاری ختم کرکے عوام کی بہبود یقینی بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ قومی سلامتی کے معاملات زیادہ اہم ہیں۔ ان پر زیادہ توجہ دی جائے۔

Congress

BJP

SHASHI THROOR

RAM JANM BHOOMI MANDIR

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div