Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

مولانا فضل الرحمان نے انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ کردیا

انتخابات چند دن مؤخر ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں، سربراہ جے یو آئی
اپ ڈیٹ 01 جنوری 2024 10:01pm
سربراہ جمعیت علمائے اسلام ایف (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو:فائل
سربراہ جمعیت علمائے اسلام ایف (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو:فائل

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن مؤخر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات میں کیسے انتخابات ہو سکتے ہیں، الیکشن چند دن مؤخر ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے انتخابات مؤخرکرنے کا مطالبہ کردیا، اور کہا کہ چند ماہ قبل باجوڑ میں ہمارے 73 ساتھی شہید ہوئے، رات کو جو واقعہ ہوا یہ بے امنی کا واقعہ ہے، میں گھر میں تھا، رات کے واقعے میں ہماری گاڑیوں پر گولیاں لگیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں جانا چاہتے ہیں لیکن ماحول بھی ہونا چاہیے، ان حالات میں کیسے انتخابات ہو سکتے ہیں، انتخابات چند دن مؤخر ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں، الیکشن کمیشن ہماری درخواست پر غور کرے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کاغذات صرف پی ٹی آئی کے مسترد نہیں ہوئے، لیول پلیئنگ فیلڈ صرف ایک پارٹی کی بات نہیں، 2 صوبوں کو بھی یکساں پرامن ماحول فراہم کیا جائے، پیپلزپارٹی کے امیدوار بھی سیکیورٹی کے حوالے سے پریشان ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن چاہتےہیں یہ آئینی تقاضاہے، لیکن اگر ٹرن آؤٹ کم ہوا تو یہ دھاندلی کا امکان پیدا کرے گا، ملک میں گزشتہ چار سالوں میں معیشت تباہ ہوئی، ہم نے گزشتہ 15ماہ میں ملک کو دیوالیہ پن سے نکالا۔

سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ میں انتخابی ماحول کی وجہ سے دورہ افغانستان فوری نہ کرسکا، اگلے ہفتہ افغانستان کا دورہ متوقع ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملہ

گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملے کی خبریں زیر گردش تھیں۔ اس حوالے سے ترجمان جے یو آئی جلیل جان نے آج نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ تھانہ یارک کی حدود میں کیا گیا، تاہم حملے میں مولانا فضل الرحمان اور ان کے محافظ محفوظ رہے۔

اس دوران پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پر ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا گیا، تاہم حملہ آور مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اور خوش قسمتی سے حملے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

حملے کی تردید

آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان ناصر محمود نے مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حملہ یارک انٹرچینج پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر کیا گیا، اور پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہوگئے۔

آر پی اور ناصر محمود نے کہا کہ حملے کے وقت مولانا فضل الرحمان موقع پر موجود نہیں تھے۔

JUIF

Molana Fazal ur Rehman

Election 2024

Election Jan 1 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div