Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

حج اورعمرہ زائرین کے لیے نکاح پڑھانے اور نجی فوٹوگرافر کی سہولت

سعودی وزیر برائے حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے زائرین کیلئے نئی سہولتیں متعارف کروانے کا اعلان کردیا
شائع 10 جنوری 2024 09:38am

سعودی عرب کے وزیر برائے حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج اور عمرہ زائرین کے لیے نئی سہولتیں متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس و نمائش کے دوران سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق نے زائرین کو مزید سہولتیں دینے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کو مکہ اورمدینہ میں نکاح کی سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔

ایک مباحثے کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ، ’بعض زائرین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ مکہ یا مدینہ میں نکاح پڑھوائیں، خدمات فراہم کرنے والے ادارے یہ سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔

سعودی وزیر کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ نکاح کے لیے نجی فوٹو گرافرکا بندوبست بھی کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج اور عمرہ زائرین کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے تحت انفرادیت کی حوصلہ افزائی کے لیے 2 ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔

منفرد خدمات کی حوصلہ افزائی کیلئے ترغیبات کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زائرین کو ’نسک اعمال‘ ایوارڈ دیا جائے گا،جس کے تحت سب سے اچھے منصوبے پر 10 لاکھ ریال، دوسرے بہترین منصوبے پر 5 لاکھ اور تیسرے منصوبے پر ڈھائی لاکھ ریال انعام دیا جائے گا۔ نتائج کا اعلان آئندہ حج کانفرنس میں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کارمختلف حوالوں سے منفرد سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں جیسے ٹورسٹ گائیڈز،طبی سہولتیں، موبائل فارمیسیز، بچوں کے لیے نرسریاں اور رہائش کی جگہ سے حرم تک ویل چیئر کی سہولت وغیرہ۔

سعودی وزیرِحج و عمرہ نے کہا کہ ، ’ضیوف الرحمن پروگرام کے نمایاں ترین اہداف میں حج اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے سفر زیارت کو یادگاربنانا شامل ہے یہ پروگرام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 پروگراموں میں سے ایک ہے۔‘

umrah

Hajj

Hajj 2024

Nikah in Haram

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div