Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

8 فروری کو ووٹ صرف نوازشریف اور شیر کو ملےگا، مریم نواز

بانی پی ٹی آئی نے معیشت کو تباہ کردیا، حمزہ شہباز
شائع 21 جنوری 2024 07:00pm
فوٹو ۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو ۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائز مریم نواز نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ووٹ صرف نوازشریف اور شیر کو ملےگا۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے معیشت کو تباہ کردیا، 8 فروری کا الیکشن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

مریم نواز نے حلقہ این اے 119میں انتخابی مہم ٹیم کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کی خدمت کے لئے نکلی ہوں، نوازشریف کا ترقی کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ این اے 119 کو کبھی نہیں چھوڑوں گی، حلقے کے ہر فرد اور ہر گھر کی ترقی میری ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ظلم و جبر کے دور میں آپ نے میرا ساتھ دیا، ملک وقوم کی خدمت کی ایک نئی تاریخ رقم کرنی ہے۔

حمزہ شہباز کا خطاب

لاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ 8 فروری کو پورے ملک میں شیر کی دھاڑ ہوگی، الیکشن کے دن کا سورج شیر کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، عام انتخابات ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ عوام سے کیے وعدے پورے کیے، ہم نے آئی ایم ایف معاہدے کو بحال کیا، 16ماہ دن رات محنت کرکے ملک کو بچایا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے سیاست داؤ پر لگا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ملک دیوالیہ ہو جاتا تو گلی گلی میں روٹی کیلئے لڑائیاں ہوتیں۔

حمزہ نے مزید کہا کہ نوازشریف نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ن لیگ کے دور میں پیٹرول 70 روپے فی لیٹر تھا۔

لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ قائد ن لیگ کے دور میں چینی 55 روپے فی کلو تھی، ہمارے دورمیں بجلی 7 روپے فی یونٹ تھی۔

Nawaz Sharif

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024