Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

نواز شریف کی این اے 130 میں ریلی، این اے 27 میں آصفہ نکل آئیں

نواز شریف ریلی میں اصلی شیر لانے پر ناراض، آئندہ کسی ریلی میں اصلی شیر نہ لانے کی ہدایت
شائع 23 جنوری 2024 11:21pm

اب تک پھیکی پھیکی رہنے والی انتخابی مہم بظاہر منگل سے زور پکڑنا شروع ہوگئی۔ لاہور میں ایک جانب آصفہ بھٹو زرداری اپنے بھائی بلاول بھٹو کی انتخابی مہم چلانے کے لیے حلقہ این اے 127 میں نکل آئیں تو دوسری جانب نواز شریف نے این اے 130 میں اپنی انتخابی مہم کی قیادت خود کی، ان کے جلسے کے لیے لیگی کارکن اصلی شیر لے آئے، جس پر نوازشریف ناراض ہوگئے اور آئندہ کسی ریلی میں اصلی شیرنہ لانے کی ہدایت کردی۔

این اے 130 میں نون لیگ کی ریلی اختتام پذیر

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 130 میں پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز کے ساتھ ریلی کی قیادت کی، ریلی 3 بجے ٹیکسالی چوک سے شروع ہوئی اور 30 سے زائد علاقوں سے گزرتی ہوئی کچہری چوک میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

نواز شریف اور مریم نواز نے ٹیکسالی چوک سے ریلی کا آغاز کیا۔ پی پی 174 سے پارٹی امیدوار بلال یسین بھی ہمراہ تھے، کارکنوں نے ریلی کا بھرپور استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، کارکن شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔

نواز شریف اور مریم نواز موہنی روڈ پہنچے اور گاڑی سے نکل کر کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا، قافلہ یونیک بیکری چوک، آرائیں بلڈنگ، کالے کی پلی، رحمان روڈ سے ہوتا ہوا کریم پارک پہنچا تو کارکنوں نے اپنے قائد کا بھرپور استقبال کیا۔

بلال گنج چوک میں ریلی کے استقبال کے لیے شاندار آتش بازی کی گئی، کارکنوں کی بڑی تعداد میاں نواز شریف کی گاڑی کے ساتھ پیدل چلتی رہی، کئی مقامات پر ریلی پر کرنسی نوٹ بھی نچھاور کیے گئے جبکہ ریلی حلقے کے چھوٹے بڑے بازاروں سے گزرتی ہوئی کچہری چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

ن لیگ کی انتخابی ریلی میں اصلی شیر لانے پر نوازشریف کا سخت نوٹس

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی ریلی میں اصلی شیر لانے پر سابق وزیراعظم نوازشریف نے سخت نوٹس لے لیا۔

مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے موہنی روڈ پر انتخابی ریلی کے دوران اصلی شیر لانے کا سخت نوٹس لیا ہے۔

مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ نواز شریف نے فوری طور پر انتخابی ریلی سے شیر کو واپس بھجوانے کی ہدایت کی، جس کے بعد شیر کو فوری طور پر واپس بھجوا دیا گیا۔

نواز شریف نے کارکنوں کو سختی سے ہدایت کی کہ پورے پاکستان میں کسی بھی ریلی میں اصلی شیر یا کوئی جانور نہ لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام اور متعلقہ قوانین نے ہمیں جانوروں کے حقوق کے احترام کی تلقین کی ہے۔

بلاول بھٹو کی فتح کیلئے آصفہ بھٹو زرداری سرگرم

دوسری جانب این اے 127 لاہور کا معرکہ سر کرنے کے لیے آصفہ بھٹو زرداری بھی میدان میں اتر آئیں، آصفہ بھٹو نے بھائی کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب اور مظلوم کی آواز ہے، پیپلز پارٹی اقتدار ملتے ہی مزدور کی تنخواہ ڈبل اور مفت علاج کی سہولیات فراہم کرے گی۔

این اے 127 میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی فتح کے لیے آصفہ بھٹو زرداری سرگرم ہو گئیں، این اے 127 کے کارکنوں نے حلقے میں آصفہ بھٹو کا پُرتپاک استقبال کیا۔

آصفہ بھٹو نے این اے 127 میں خواتین اور ورکرز کنونشن سے خطاب کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے جس طرح سندھ میں مفت علاج کی سہولیات فراہم کیں اسی طرح پنجاب میں بھی بہترین سہولیات فراہم کریں گے، بلاول نے عوام کے لیے جو منشور تیار کیا ہے، اقتدار میں آکر اس کا ہر وعدہ پورا کریں گے۔

آصفہ بھٹو نے ووٹرز سے اپیل کی کہ 8 فروری کو بلاول کو کامیاب کروائیں تاکہ وہ پاکستان کی تقدیر بدل سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں بھی لوگ پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، بلاول بھٹو ملک بھر میں 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، پاکستان پیپلزپارٹی عوام کے لیے لڑرہی ہے۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ کسان کارڈ اور مزدور کارڈ جیسے منصوبے لائیں گے، عوام کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں، سندھ میں 20 لاکھ مکانات بھر رہے ہیں، پیپلزپارٹی عوام کو گھر دیتی ہے، باقی جماعتیں گھرچھینتی ہیں، 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگانا ہے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے چنیوٹ میں جلسہ کیا ہے جبکہ شہباز شریف جنوبی پنجاب کو متاثر کرنے کیلئے بہاولپور پہنچے۔

PMLN

Bilawal Bhutto

Nawaz Sharif

lahore

PPP

asifa bhutto

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Jan 23 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div