Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

پاک بحریہ نے 9 بھارتی شہریوں کی جان بچا لی

بھارتی شہری گزشتہ 24 گھنٹوں سے بے یارو مددگار سمندر میں پھنسے تھے
شائع 05 فروری 2024 08:35pm

پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی کھلے سمندر میں بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے بحیرہ عرب میں پھنسے 9 بھارتی شہریوں کی جان بچالی۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کو سمندر میں پھنسی SAS-5 نامی کشتی کی ہنگامی کال موصول ہوئی۔ کشتی میں فنی خرابی کے باعث انجن مکمل طور پر بند ہو گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق کشتی میں 9 بھارتی شہری گزشتہ 24 گھنٹوں سے بے یارو مددگارسمندر میں پھنسے تھے۔ اطلاع ملنے پر پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کشتی کی سرچ اینڈ ریسکیو کیلئے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیر کرافٹ اور پی ایم ایس ایس کشمیر کو مامور کیا۔

پی ایم ایس ایس کشمیر نے مصیبت زدہ کشتی کو تلاش کرکے تکنیکی مسئلہ دور کیا اور عملہ کو طبی امداد فراہم کی۔ فنی خرابی دور ہونے کے بعد کشتی اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگئی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مصیبت زدہ کشتی چار فروری کو بھارتی بندرگاہ دابھول سے شارجہ کیلئے روانہ ہوئی تھی۔

پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو کشتی کے عملے نے سراہا۔

Pakistan Navy

Indians Stuck in Sea

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div