Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

پی ایس ایل 9 کے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے پلان تیار

پاکستان سپر لیگ میں اب صرف 2 روز باقی، شائقین فیورٹ کھلاڑیوں کی اننگز دیکھنے کو بیتاب
شائع 15 فروری 2024 11:53am

لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شائقین کی آگاہی کے لیے پلان جاری کردیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ میں اب صرف 2 روز باقی رہ گئے، شائقین کرکٹ میچز اور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کی اننگز دیکھنے کو بیتاب ہیں۔

اس حوالے سے لاہور ٹریفک پولیس نے عوامی سہولت اور شائقین کرکٹ کی آگاہی کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ 4 سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پیز)، 12 ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پیز) اور 90 انسپکٹرز فرائض سرانجام دیں گے۔

عمارہ اطہر نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر 900 سے زائد وارڈنز تعینات ہوں گے، غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے 20 فورک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے۔

شائقین کرکٹ کی سہولت اور باآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے 3 پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے جائیں گے، سٹی ٹریفک پولیس روائتی انداز میں شائقین کرکٹ کو خوش آمدید کہے گی، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ روڈ اور گلبرگ ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا مزید کہنا ہے کہ میچ کے دوران کسی بھی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند نہیں کیا جائے گا جبکہ ٹیم کی موومنٹ کے دوران مخصوص روڈز کو کچھ دیر کے لیے بند کیا جائے گا، شائقین کرکٹ کی سہولت اورباآسانی اسٹیڈیم تک رسائی کے لیے 3 پارکنگ اسٹینڈزبھی مختص کیے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق راستہ ایپ،راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے گا، شہری مزید رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکیں گے، شہری قذافی اسٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفرسے گریز کریں، پارکنگ اوراسٹیڈیم میں داخلے کیلئےٹریفک کے عملے سے رہنمائی لیں، ٹریفک کی صورتحال سےآگاہ رہنے کیلئے راستہ ایپ،راستہ ایف ایم سنتے رہیں۔

پی ایس ایل سیزن 9 شیڈول

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان 12 جنوری کو کردیا گیا تھا جس کا آغاز 17 فروری کو لاہور سے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

34 میچوں پر مشتمل اس ٹی20 ٹورنامنٹ میں کراچی سب سے زیادہ 11میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ میں 7 ڈبل ہیڈرز (ایک دن میں دو میچز) ہوں گے اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پانچ ڈبل ہیڈرز میچوں کی میزبانی کرے گا۔ لیگ میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ 24 فروری کو لاہور اور 9 مارچ کو کراچی میں ہو گا۔

کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی چار میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں تین۔ تین میچ کھیلے گی جبکہ ایک میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

پچھلے ایڈیشن کی طرح پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن بھی 2 مرحلوں میں ہوگا جس میں ابتدائی طور پر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے، اس کے بعد 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

PSL

PCB

lahore

Pakistan Super League

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

psl 9

HBL PSL 9

psl traffic plan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div