Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

پاکستان میں ایکس (ٹوئٹر) کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں بار بار بندش کا سامنا

صارفین وی پی این استعمال کرنے پر مجبور
اپ ڈیٹ 18 فروری 2024 10:25pm

پاکستان میں ایک بار پھر مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم“ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) کو بندش کا سامنا پڑا۔ 24 گھنٹوں میں دوسری بار ایکس کی سروس ملک بھر میں متاثر ہوئی، اس سے قبل 18 گھنٹے تک ایکس تک رسائی بند رہی تھی جو کچھ دیر کیلئے بحال ہوئی لیکن پھر بند ہوگئی۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد وی پی این کے ذریعے ٹوئٹر تک رسائی حاصل کرنے پر مجبور ہے۔

کل رات سے بند ٹوئٹر تک رسائی اتوار کی شام چار بجے کے قریب بحال ہوگئی، لیکن چھ بجے کے قریب پھر بند ہوگئی، اس کے بعد 10 بجے کے قریب یہ سروس دوبارہ بحال ہوئی، لیکن کچھ دیر بعد پھر بند ہوگئی۔

ریئل ٹائم انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش اور مانیٹرنگ سروس Downdetector.pk نے ہفتہ کی رات 9 بجے کے قریب ملک بھر میں ایکس کی بندش کی اطلاع دی۔

بندش کے بعد وی پی این استعمال نہ کرنے والے ایکس صارفین پوسٹس دیکھنے سے قاصر ہیں، کیونکہ جب بھی ایکس کا پیج لوڈ کرنے کی کوشش کی گئی تو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ، رات 9:01 بجے بندش کی کم از کم 185 رپورٹیں موصول ہوئیں، جو رات 9:24 بجے تک بڑھ کر 239 ہو گئیں۔

دریں اثنا، سائبر سیکیورٹی واچ ڈاگ ”نیٹ بلاکس“ نے بھی ”لائیو میٹرکس“ کا حوالہ دیتے ہوئے بندش کی تصدیق کی، جس میں ایکس کیلئے پاکستان میں قومی سطح پر ایک نئی رکاوٹ کو ظاہر کیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین وی پی این کے ذریعے ایکس تک رسائی کو ممکن بنا رہے ہیں۔

صحافی طارق متین نے لکھا کہ میں اپنے موبائل فون پر ایکس استعمال نہیں کر پا رہا ہوں، مگر لیپ ٹاپ زندہ باد، کیا ہوا آخر۔

سروس معطل ہونے پر ایک صارف نے لکھا کہ ویسے تو زندگی ڈاؤن ہے، اب ایکس نے بھی ڈاؤن ہو کے اوقات دکھا دی۔

جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ ایکس ہارڈ اسپورٹ وی پی این سے چل رہا ہے۔

خیال رہے کہ ملک کو حال ہی میں اکثر انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سائٹس کی بندش کا سامنا رہا ہے، خاص طور پر عام انتخابات 2024 کے تناظر میں جاری صورتحال کے دوران چند ماہ کے درمیان سوشل میڈیا کو بلاک کیا گیا۔

Twitter Down

X down in Pakistan