Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

سندھ ہائیکورٹ کا ایکس، فیس بک، یوٹیوب اور دیگر سروس فوری بحال کرنے کا حکم

'بہت ہوگیا: ڈرائنگ روم میں بٹھا کر عہدے بانٹنے تھے تو الیکشن کی کیا ضرورت تھی'
شائع 21 فروری 2024 03:27pm
سندھ ہائیکورٹ فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
سندھ ہائیکورٹ فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ بندش کے کیس میں ریمارکس دیے کہ جیسے الیکشن کروائے ہیں ماشااللہ پوری دنیا تعریف کررہی ہے اگر ڈرائنگ روم میں بٹھا کر عہدے بانٹنے تھے تو الیکشن کروانے کی کیا ضرورت تھی، تھریٹس بتائیں جن کی وجہ سے انٹرنیٹ بند کیا تھا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل عباسی نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ جس طرح آپ نے الیکشن کرائے ماشاء اللہ پوری دنیا تعریف کررہی ہے، انٹرنیشنل میڈیا بھی دنیا کو بتا رہا ہے کہ پاکستان میں کس طرح کے الیکشن ہوئے ہیں، انٹرنیٹ یہاں بھی نہیں چل رہا وہاں بھی نہیں چل رہا ،کہیں بھی نہیں چل رہا، لگتا ہے جس طرح کے الیکشن کرائے ہیں بندر بانٹ کرکے قبر پر پھول نہیں چڑھا دیتے انٹرنیٹ بحال نہیں ہوگا۔

جسٹس عقیل عباسی کے ریمارکس پر پی ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ ابھی تو انٹرنیٹ چل رہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کی گئی ہے، انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے ملک میں امن وامان کا مسئلہ نہیں ہوا ہے، سب سے اہم مسئلہ نیشنل سکیورٹی کا تھا، نیشنل سکیورٹی کی وجہ سے انٹر نیٹ سروس بند کی گئی تھی۔

اس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ایسا مت کریں لوگ سمجھدار ہوگئے ہیں، لوگوں کو سب پتا ہے کون کیا کروا رہا ہے، پریشر ککر کی ہلکی سیٹی بجتی ہے اسے بجنے دیں، ایسا نا ہو سیٹی بند کرنے پر پریشر ککر کی طرح سب پھٹ جائے، صدر کون ہوگا، وزیر اعظم کون ہوگا، گورنر شپ کسے دی جائے گی، اگر اس طرح کرنا تھا تو الیکشن کیوں کروائے ہیں، ڈرائنگ روم میں بٹھا کر عہدے بانٹنے تھے، الیکشن کروانے کی کیا ضرورت تھی۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ماشااللہ آپ لوگ طاقتور ہیں، جیسی پلاننگ کرتے ویسا کرلیتے ہیں، انٹرنیٹ بند کرکے دنیا میں اپنا کیوں تماشہ بنا رہے ہیں، ایسا لگتا ہے عدالتیں اور سارے ادارے بے وقعت ہوچکے ہیں، کون ملک چلا رہا ہے ؟

بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت سے الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کی وجوہات طلب کیں اور ایک بارپھر انٹر نیٹ سروس اور سوشل میڈیا بحال کرنے کا حکم دیا۔

karachi

social media

Sindh High Court

social media influencer

internate

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div