Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

شہباز شریف نے پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم کے طور پر عہدے کا حلف اٹھالیا

وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2024 02:06am

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے ایوان صدر میں حلف لیا۔

نو منتخب وزیراعظم شہبازشریف کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، تقریب میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر سروسز چیفس بھی شریک تھے۔

اس کے علاوہ سابق صدر آصف زرداری، مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نگراں وزیراعظم انوارالحق، چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی تقریب میں شریک تھے جبکہ مختلف ممالک کے سفیر بھی تقریب حلف برداری کا حصہ تھے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

صدر نے شہباز شریف سے دوسری بار وزیراعظم کا حلف لیا

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف سے دوسری بار عہدے کا حلف لیا۔

شبہاز شریف نے عارف علوی کے کہے گئے الفاظ دہرائے اور مملکت کے لیے بلا عناد و تفریق کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

حلف اٹھانے کے بعد صدرعارف علوی نے نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد پیش کی۔

مسلح افواج کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کو گارڈ آف آنر

حلف برداری کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب ہوئی، جہاں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آفس کے عملے کا تعارف کرایا گیا، اس دوران وزیراعظم نے عملے سے مصافحہ کیا۔

شہباز شریف سے انوار الحق کاکڑ کی ملاقات متوقع

علاوہ ازیں شہباز شریف سے نگراں وزیراعظم کے منصب سے سبکدوش ہونے والے انوارالحق کاکڑ کی ملاقات بھی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔

انتخابی عمل میں شہباز شریف نے 201 جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو الوداعی گارڈ آف آنر

نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کے حلف اٹھانے کے بعد ایک جانب انھیں وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تو دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو الوداعی گارڈ آف آنر دیا گیا۔

یاد رہے کہ 14 اگست 2023 کو انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھایا تھا، اور شہباز شریف کی حکومت ختم ہوگئی تھی اور مورخہ 4 مارچ 2024 کو انوار الحق کاکڑ رخصت ہوئے اور شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا۔

شہباز شریف کی سیاسی زندگی پر ایک نظر

شہباز شریف 23 ستمبر 1951 میں لاہور میں پیدا ہوئے، وہ میاں محمد شریف کے دوسرے صاحبزادے اور تین بار ملک کے وزیراعظم رہنے والے میاں محمد نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔

شہبازشریف کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی، عملی سیاست میں ان کا چار دہائیوں پر مشتمل کیریئر بہت شاندار ہے،وہ 1985 میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر منتخب ہوئے۔

میاں محمد شہباز شریف 1988 میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اسمبلی کی مدت پوری ہونے سے پہلے ہی1990میں اسے تحلیل کردیا گیا۔

1990سے لے کر 1993 کےدوران قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے 1993میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 1996تک پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رہے۔

1997میں شہباز شریف تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے،یہ اسمبلی بھی1999میں فوجی مداخلت کے سبب تحلیل کردی گئی۔

پنجاب حکومت مسلم لیگ ن کی مرکزی حکومت کے ساتھ ہی ختم کردی گئی اور آپ کو قید کرلیا گیا، بعدازاں جبری طور پر جلاوطن کردیا گیا۔

2007 میں 8 برس جلا وطنی میں گزارنے کے بعد واپس پاکستان آئے اور 2008 میں چوتھی مرتبہ بھکر سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیتی اور دوسری بار صوبے کے وزیراعلیٰ بنے۔

مئی 2013 کے عام انتخابات میں ان کی پارٹی مسلم لیگ ن بھاری مینڈیٹ کے ساتھ پھر اقتدار میں آئی، صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں (پی پی۔159، پی پی۔ 161، پی پی۔247) اور (این اے۔129)کی ایک قومی نشست پر کامیاب قرارپائے، تاہم شہبازشریف نے پی پی۔159کی نشست برقرار رکھی نتیجتاً وہ تیسری مرتبہ ریکارڈ حیثیت میں وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔

2018 میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوئے،2018 کے عام انتخابات میں وہ قومی اسمبلی کے 4 حلقوں (این اے-249 کراچی، این اے-132 لاہور، این اے-3 سوات اور این اے-192 ڈیرہ غازی خان) سے الیکشن لڑے۔

رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے مقابلے میں وزیراعظم کا انتخاب لڑا جس میں بانی پی ٹی آئی 176 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے اور شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے، بعدازاں شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نامزد ہوئے۔

اپریل 2022 میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ڈی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں نے شہباز شریف کو وزارت عظمٰی کا امیدوار نامزد کیا۔

11 اپریل کو قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو نیا قائد ایوان منتخب کر لیا جس کے بعد شہباز شریف پہلی بار وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے تھے تاہم شہباز شریف کا بطور وزیراعظم پہلا دور صرف 16 ماہ تک محدود رہا۔

اب ایک بار پھر 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے نتائج اور نئی قومی اسمبلی تشکیل ہونے کے بعد وہ دوسری بار وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں ۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

takes oath

President Arif Alvi

Arif Alvi

PM Shehbaz Sharif

President House

New Prime Minister

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div