Aaj News

پیر, ستمبر 09, 2024  
04 Rabi ul Awal 1446  

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کے متاثرین میں لاکھوں روپے کے چیکس تقسیم کردیے

شہباز شریف نے پشاور میں بارش اور برف باری کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کیے
اپ ڈیٹ 06 مارچ 2024 08:38pm

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری سے ہوئی تباہی سے متاثرہ افراد میں چیک تقسیم کیے اور ان کیلئے مزید امداد کا اعلان بھی کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں بارش اور برف باری کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنا ہے، میں آج پشاور میں آپ کی داد رسی کیلئے پیش ہوا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم بارش سے تباہ مکان کی تعمیر کیلئے رقم دیں گے اور متاثرین کی مدد کرکے دین اور دنیا کمائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مکمل تباہ مکان کے اہلِ خانہ کو 7، 7 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جزوی متاثر مکان کے مکینوں کو 3، 3 لاکھ روپے دیں گے۔

انہوں نے بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 20 ، 20 لاکھ روپے اور زخمی ہونے والوں کو 5، 5 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 23 فروری کو طوفانی بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔

پشاور میں طوفانی بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس آفت کی گھڑی میں جاں بحق ہونے والوں کو اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے 40 افراد جاں بحق جبکہ 62 زخمی ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد میں 27 بچے بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی مدد کے لیے صوبائی حکومت، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ نےکردار ادا کیا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم آپ سب کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، اللہ آپ پر رحم کریں اور آپ کو مزید کسی پریشانی سے بچائے آمین۔

Shehbaz Sharif

PM Shehbaz Sharif

kpk rain

Cheques Distribution