Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

مسجد نبوی میں ہجوم کو کنٹرول کرنے کیلئے خواتین اہلکار تعینات ہوں گی

معمر، معذور اور جسمانی طور پر کمزور خواتین زائرین کی مدد کرنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔
اپ ڈیٹ 09 مارچ 2024 05:28pm

مسجدِ نبوی میں رمضان المبارک کے دوران بھیڑ پر قابو پانے کے لیے خواتین اہلکار تعینات کی جائیں گی۔ ان 1352 اہلکاروں کو گفتگو اور کراؤڈ مینیجمنٹ کی تربیت دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی متعلقہ اتھارٹی نے حال ہی میں ان خواتین اہلکاروں کی بھرتی اور تربیت کا عمل مکمل کیا ہے۔ یہ خواتین اہلکار مسجدِ نبوی میں آنے والی خواتین کی راہ نمائی کریں گی۔

ان خواتین اہلکاروں کو معمر اور معذوری یا شدید جسمانی کمزوریوں سے دوچار عبادت گزاروں کی مدد کرنے کے حوالے سے خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

رمضان المبارک عمرے اور مسجدِ نبوی کی زیارت کا سب سے بڑا سیزن ہوتا ہے۔ مسجد الحرام میں عمرہ کرنے کے بعد زائرین مسجدِ نبوی میں عبادت کے لیے آتے ہیں۔

سعودی اتھارٹیز کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت بڑی تعداد میں آنے والے زائرین کی میزبانی اور خدمت کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

رمضان کے دوران مسجدِ نبوی میں کم و بیش 85 لاکھ افطاریوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ماہِ مبارک کے دوران 25 لاکھ بوتل آب زم زم بھی تقسیم کیا جائے گا۔

رمضان کے آغاز سے قبل مسجدِ نبوی میں صفائی سے متعلق تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ جائے نماز کے طور پر استعمال کیے جانے والے غالیچوں کی یومیہ صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

2023 میں 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد اہلِ ایمان نے مسجدِ نبوی میں عبادت کی تھی۔

Masjid Nabawi

LADIES VOLUNTEERS

CROWD MANAGEMENT