Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

ہمارے بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے، صدر مملکت

پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، صدر مملکت
اپ ڈیٹ 17 مارچ 2024 04:39pm
فوٹو۔۔آئی ایس پی آر
فوٹو۔۔آئی ایس پی آر

لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، صدر آصف زرداری، آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدرکی نماز جنازہ چکلالہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ سینئر فوجی اور سول افسران اور شہداء کے لواحقین بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔

 چکلالہ : فوج کے شہید افسران کی نماز جنازہ میں صدر مملکت، آرمی چیف، وفاقی وزرا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور دیگر کی شرکت۔ فوٹو۔۔آئی ایس پی آر
چکلالہ : فوج کے شہید افسران کی نماز جنازہ میں صدر مملکت، آرمی چیف، وفاقی وزرا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور دیگر کی شرکت۔ فوٹو۔۔آئی ایس پی آر

اس مو قع پر صدرمملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ایمان، اتحاد اور نظم وضبط کے اصولوں کو برقراررکھا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانی غیرمتزلزل عزم کی مثال ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا ہمارے بہادربھائی، بیٹے اور دوست سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، ہم دہشتگرد کارروائیاں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہمارے بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، پاکستان کے عوام اور فوج ایک ساتھ ہیں، ہم مل کر دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن کے سپوتوں نے ملکی دفاع کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

نمازجنازہ کے بعد شہداء کی میتیں آبائی علاقوں کیلئے روانہ کردی گئیں۔

شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں افسران سمیت سات جوان شہید ہو گئے تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی، کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے، بہادر سپوتوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں نا قابل فراموش ہیں، شہداء ہمارا فخر ہیں، شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

pakistan army

terrorist attacks

Army Chief General Asim Munir

security forces operation

Pakistan Law and order situation

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div