Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

گوادر میں پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بی ایل اے کا حملہ ناکام، 8 دہشتگرد ہلاک، 2 سکیورٹی اہلکار شہید

دہشت گردوں نے سیکورٹی کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش کی
اپ ڈیٹ 20 مارچ 2024 10:37pm
Firing by unknown persons at Gwadar Port Authority Complex - Breaking - Aaj News

کالعدم دہشتگرد تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے آج گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کمپلیکس پر بزدلانہ حملہ کرنے کی ناکام کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کے دو اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب سیکورٹی کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش کی، تاہم سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی سے تمام آٹھ حملہ آور مارے گئے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ”ایکس“ پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی کہ ’آٹھ دہشت گردوں نے آج گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ان سب کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے‘۔

آپریشن کے دوران گوادر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔ گوادر کے اس علاقے میں کئی حساس ریاستی ادارے اور چینی تنصیبات موجود ہیں۔

اس کے علاوہ گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں پاسپورٹ آفس، الیکشن کمیشن آفس سمیت دیگر سرکاری اداروں کے دفاتر بھی موجود ہیں۔

آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو فوٹیج میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے جنوب مغربی ساحل پر واقع شہر میں فائرنگ کا تبادلہ دیکھا جاسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مطابق گوادر شہر میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا، اس دوران دس سے زائد دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جبکہ جائے وقوعہ سے دھواں بھی اٹھتا ہوا دکھائی دیا۔

حملے کی ذمہ داری کالعدم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ نے قبول کی ہے۔

بی بی سی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ سہ پہر کو کیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ سب سے پہلے ایک بڑا دھماکہ ہوا جس کی آواز گوادر شہر میں دوردور تک سنائی دی۔

عینی شاہدین کے مطابق اس حملے کے بعد لگ بھگ آٹھ چھوٹے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ اس کے ساتھ شدید فائرنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ پونے گھنٹے تک جاری رہا۔

اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہآ ٹھ دہشتگردوں کے ایک گروہ نے گوادرپورٹ اتھارٹی میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا، سیکیورٹی فورسزکی بروقت کارروائی سے تمام 8 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیزمواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکار ڈی جی خان کے رہائشی 35 سالہ سپاہی بہار خان اور خیرپور کے رہائشی 28 سالہ سپاہی عمران علی بہاردی سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے

ترجما پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن واستحکام سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادیں گی، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

سیاسی رہنماؤں کا فورسز کو خراج تحسین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا گوادر میں دہشت گرد وں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی گوارد پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پردہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشتگردی کی کارروائی کو ناکام بنایا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے وطن عزیز کے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

BLA Attack on GPA Complex

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div