Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

دکانداروں کی لازمی رجسٹریشن پر تاجر تنظیموں نے ردعمل دیدیا، تاجر دوست اسکیم کا خیر مقدم

زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے، آسان ایپ سے وکیلوں مشیروں کے جھنجھٹ سے نجات ملے گی، تاجر رہنما نعیم میر اور اجمل بلوچ کی گفتگو
اپ ڈیٹ 25 مارچ 2024 11:23am

تاجر برادری نے ایف بی آر کی طرف سے تاجر دوست اسکیم کے تحت دکان داروں اور چھوٹے تاجروں کی رجسٹریشن کا خیرمقدم کیا ہے۔

روزنامہ بزنس ریکارڈر سے گفتگو میں سپریم کونسل آف آل پاکستان انجمنِ تاجران (اے پی اے ٹی) کے چیئرمین نعیم میر نے کہا کہ ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے غیر رجسٹرڈ چھوٹے تاجروں کی ڈاکومینٹیشن اچھا اقدام ہے تاہم ماہانہ بنیاد پر کم از کم پیشگی ٹیکس وصول کرنے کے طریقِ کار کو حتمی شکل دی جائے۔

ٹیکس آسان ایپ کے متعارف کرائے جانے سے تاجروں کے لیے وکیلوں اور ٹیکس سے متعلق امور کے مشیروں کی خدمات حاصل کرنے کا جھنجھٹ بھی ختم ہوجائے گا۔

نعیم میر نے کہا کہ اے پی اے ٹی تاجر برادری کی رجسٹریشن کا خیرمقدم کرتی ہے تاہم اس کے نتیجے میں ٹیکس کے بوجھ میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔ دکان داروں اور چھوٹے تاجروں پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایف بی آر کے ذریعے رجسٹریشن نئے دکان داروں کو ٹیکس کے نظام کا حصہ بننے کی تحریک دے گا۔ نعیم میر نے ٹیکس نیٹ سے باہر رہ کر کام کرنے والے کاروباری افراد کی رجسٹریشن پر ایف بی آر کو سراہا۔ نعیم میر نے امید ظاہر کی کہ ٹیکس آسان ایپ ملک گیر پیمانے پر رجسٹریشن کا عمل عمدگی اور تیزی سے انجام دے گی۔

اے پی ٹی اے کے چیئرمین نے کہا کہ دکانوں کے سالانہ کرائے کی بنیاد پر ٹیکس کی رقم کے تعین کا مرحلہ باقی ہے۔ کاروباری مقام کی حقیقی مارکیٹ ویلیو کا تعین پیچیدہ مرحلہ ہے جس کے تعین میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس کا تعین بھی باقی ہے۔ ایک اہم سوال یہ ہے کہ بجلی کے بلوں کے ساتھ ایڈجسٹیبل سیلز ٹیکس وصول کرنا بند کیا جائے یا نہیں۔

آل پاکستان انجمنِ تاجران کے اجمل بلوچ نے بتایا کہ ایسوسی ایشن تاجر دوست اسکیم کا جائزہ لے رہی ہے اور بعد میں اس پر اپنی رائے دے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ویسے یہ اسکیم اچھی دکھائی دے رہی ہے۔

نئی اسکیم کے تحت ایف بی آر نے نیشنل بزنس رجسٹری تیار کی ہے۔ اس سینٹرل رپازٹری میں تمام چھوٹے تاجروں اور دکان داروں کا ڈیٹا رجسٹر کیا جائے گا۔ ایس آر او 420(I)/2024 کے تحت چھوٹے تاجروں اور دکان داروں کے لیے تاجر دوست اسکیم 2024 کا خصوصی طریقِ کار جاری کیا جاچکا ہے۔

اس اسکیم میں ہول سیلر، ڈیلر، ریٹیلر، مینوفیکچرر کم ریٹیلر، امپورٹر کم ریٹیلر اور دیگر کاروباری افراد شامل ہیں۔ کسی کمپنی یا نیشنل، انٹرنیشنل چین اسٹورز کے یونٹ پر لاگو نہیں ہوگی جو ایک سے زیادہ شہروں میں ہوں۔ اس اسکیم کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔ ایڈوانس ٹیکس جولائی سے واجب الوصول ہوگا۔

ہر تاجر اور دکان دار متعلقہ ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 181 کے تحت رجسٹریشن کی درخواست دے گا۔ اس کے لیے آخری تاریخ 30 اپریل 2024 رکھی گئی ہے۔

اگر کوئی تاجر یا دکان دار رجسٹریشن نہیں کرئے گا تو کمشنر ان لینڈ ریونیو اسے رجسٹر کرے گا۔

ہر رجسٹرڈ چھوٹا تاجر اور دکان دار ماہانہ بنیاد پر ایڈوانس ٹیکس دینے کا پابند ہوگا۔ یہ ٹیکس کم از کم آمدنی کی بنیاد پر ہوگا۔ اگر ایڈوانس ٹیکس کی کیلکیولیشن صفر آرہی ہو تو سالانہ ٹیکس 1200 روپے ہوگا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے پورا یا سال کا ٹیکس ایک ساتھ ادا کیا ہو تو باقی ماندہ واجب الوصول ٹیکس میں 25 فیصد منہا کردیا جائے گا۔

اگر کسی شخص نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرایا ہو تو 2023 کے لیے انکم تیکس ریٹرن ماہانہ قسط کی ادائیگی سے قبل جمع کرائے۔ ایک سال کا واجب الوصول ٹیکس الگ کمپیوٹرائزڈ پے منٹ ریسیٹ کے ذریعے جمع کرایا جائے۔ اس کے لیے پے منٹ سلپ آئی ڈی بھی تیار کی جائے گی۔ یہ آئی ڈی تاجر دوست ماڈیول، ایف بی آر پورٹل یا پھر ایف بی آر ٹیکس فیسیلیٹیشن سینٹرز میں تیار کی جائے گی۔

FBR

Business Community

TAJIR DOST scheme

WECOMES

TAX AASAAN APP

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div