Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
19 Shawwal 1445  

دہشت گرد حملوں کی حالیہ لہر ملک کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی کوشش ہے، آئی ایس پی آر

دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی شعوری کوشش ہے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2024 07:29pm

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گوادر، تربت اور بشام سمیت دہشت گرد حملوں کی حالیہ لہر ملک کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی کوشش ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم چینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر اور تربت میں ہونے والی دہشتگردی کی پہلی دو کوششوں کو سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے ناکام بنایا، لیکن بشام میں ہونے والے حالیہ حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے، پوری قوم اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی اقتصادی ترقی کے اہم اسٹریٹجک منصوبوں اور حساس مقامات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان، اس کے اسٹریٹجک اتحادیوں اور شراکت داروں، خاص طور پر چین کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی شعوری کوشش کے طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بعض غیرملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کی مدد میں ملوث ہیں، بے گناہی کا سراغ لگانے کے باوجود یہ عناصر مسلسل دہشت گردی کے سرپرستوں کے طورپر بے نقاب ہورہے ہیں۔

دوسری جانب بشام میں چینی شہریوں پردہشت گردانہ حملے کے خلاف ترجمان دفتر خارجہ کا بیان سامنے آگیا۔

واقعہ پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی ہم ایسی تمام قوتوں کے خلاف پوری عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے

ترجمان دفتر خارچہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے چینی دوستوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور حملے میں ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں۔ پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

ISPR

Basham Attack

Turbat Attack

Attack on Chinese Engineers

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div