Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
22 Shawwal 1445  

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 3 بچوں کا باپ قتل، سابق پولیس افسر کے گھر چوری

وزیر داخلہ سندھ کا شہری کے قتل کا نوٹس، ایس ایچ او گلشن اقبال کو معطل کرنے کے احکامات، مقدمہ درج
اپ ڈیٹ 12 اپريل 2024 08:09pm

کراچی کے علاقے گلشن اقبال چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 3 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا، وزیر داخلہ سندھ نے شہری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او گلشن اقبال کو فی الفور معطل کرنے کے احکامات جاری کیے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، دوسری طرف ڈیفنس فیز 8 میں ریٹائرڈ ایس ایس پی غلام سرور ابڑو کے گھر ڈکیتی ہوئی ہے، ملزمان گھر سے 30 تولہ سونا اور دیگر اشیاء چوری کرکے فرار ہوگئے۔

کراچی گلشن اقبال

کراچی میں ڈکیتوں نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دیا، جہاں گلشن اقبال چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان لے لی گئی، گھر کے واحد کفیل تراب زیدی کو ڈکیتی مزاحمت پر گھر کے سامنے قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول گلشن اقبال کے قریبی عمارت میں رہائش پذیر تھا، بلڈنگ سے نیچے اترا تھا، 2 ملزمان نے روکنے کی کوشش کی، مقتول بھاگنے لگا تو ملزمان نے گولی ماردی، مقتول کے سر میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

واقعہ کی سی سی ٹی وی

گلش چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر کی فائرنگ سے قتل نوجوان کی سی سی ٹی وی آج نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دو موٹرسائیکل پر 4 ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے

سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقتول تراب زیدی اے ٹی ایم سے نکلا تو ایک ملزم نے مقتول کو دھکا دیا، تراب زیدی دھکا لگنے سے زمین پر گر گیا، ڈکیتوں کے ساتھی نے قریب آکر تراب کو گولی ماری اور سب فرار ہوگئے۔ :واقعہ رات 11 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا۔

تراب زیدی کے والد کا بیان

تراب زیدی کے والد نثارحسین زیدی غم سے نڈھال ہیں، ان کا کہنا ہے کہ تراب میرا اکلوتا بیٹا اور 3 بہنوں کا بھائی تھا، تراب دوست کے ساتھ اے ٹی ایم سے پیسے لے کر نکلا تھا، تراب کے دوست نے ڈکیتوں کو پیسے اور موبائل دے دیا تھا، تراب نے مزاحمت کی تو ڈکیتوں نے گولی سر میں مار دی۔

والد تراب نے کہا کہ تراب کے دوست کی بیوی بھاگتی ہوئی آئی اور اس نے بتایا، میں باہر نکلا تو مجھے روک دیا، تراب خون میں لت پت پڑا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تراب کے 3 بچے ہیں سب سے چھوٹا بچہ 6 ماہ کا ہے، تراب کال سینٹر میں کام کرتا تھا،رات میں ڈیوٹی ہوتی تھی، میں اپیل کرتا ہوں وزیراعلی سندھ سے تراب کے بچوں کے لیے کچھ کریں، میں ریٹائرڈ ہوں کچھ نہیں کرسکتا۔

واقعے کا مقدمہ درج

دوسری جانب ڈکیتوں کے ہاتھوں تراب زیدی نامی شہری کے قتل کا مقدمہ گلشن اقبال تھانہ میں درج کر لیا گیا، مقدمہ مقتول کے خالو کی مدعیت میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ 4 نامعلوم ملزمان نے مقتول تراب زیدی اور دوست فیصل پرویز کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کی، ملزمان متوفی کے دوست سے بھی موبائل فون چھین کر فرار ہوئے۔

یاد رہے کہ مقتول تراب زیدی کو گزشتہ شب اے ٹی ایم سے نکلتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا۔

کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 60 افراد مزاحمت پر قتل کردیے گئے۔

وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس

ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او گلشن اقبال کو فی الفور معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ایس ایس پی ایسٹ انکوائری اور جامع تفتیش کے تحت ملوث ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کریں، ایس ایچ او کے سروس ریکارڈ کی تفصیلات ارسال کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں آکر عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اسٹریٹ کرائمز اور اسٹریٹ کریمنلز کی بیخ کنی کی جائے، معصوم اور بے گناہ شہریوں کو دوران واردات قتل کرنے والے درندوں کے خلاف آہنی اقدامات کیے جائیں۔

اورنگی ٹاؤن 55 لاکھ روپی کی ڈکیتی

اورنگی ٹاؤن میں جیولری کی دکان میں نقب زنی کی واردات کا واقعہ رات گئے سامنے آیا، ملزمان 50 لاکھ روپے مالیت کا سونا، زیورات اور 5 لاکھ روپے نقد لے کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے دکان کے تالے توڑے اور واردات کی واقعہ کا مقدمہ پاکستان بازار تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

کراچی ڈیفنس فیز 8

دوسری طرف کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں ریٹائرڈ ایس ایس پی غلام سرور ابڑو کے گھر ڈکیتی ہوئی ہے، ملزمان گھر سے 30 تولہ سونا اور دیگر اشیاء چوری کرکے فرار ہوگئے۔

ریٹائرڈ ایس ایس پی غلام سرور ابڑو کے مطابق ملزمان 44 لاکھ روپے نقدی بھی لوٹ کرفرارہوئے، ڈکیتی کے وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، ملزمان سی سی ٹی وی راؤٹربھی ساتھ لے گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدزوئی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے لاکر اور الماری کے لاک بھی توڑے، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

کراچی لانڈھی شاہ لطیف مسلم سوسائٹی

ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے لانڈھی شاہ لطیف مسلم سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے 2 افراد 18 سالہ عبداللہ اور 20 سالہ فیصل زخمی ہوگئے۔

کورنگی نمبر ایک کے قریب فائرنگ سے 22 سالہ شہزاد اور 40 سالہ ارسلان زخمی ہوگئے۔

بلدیہ گلشن مزدور شارجہ شاپنگ مال کے قریب آپسی جھگڑے میں چھری کے وار سے 40 سالہ اسلم زخمی ہوگیا۔

سپر مارکیٹ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 40 سالہ شعیب زخمی ہوگیا جبکہ منگھوپیر میں فائرنگ سے محمد شبیر زخمی ہوگیا۔

کلری اور پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 زخمی ملزمان سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اورنگی

karachi

Robbery

defence

Gulshan e Iqbal

house robbery

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div