Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
22 Shawwal 1445  

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش، کہاں کتنی میگھا برسی، برسات کب تک جاری رہے گی؟

مغربی سسٹم کے زیراثر ہلکی بارش ہوسکتی ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز
اپ ڈیٹ 14 اپريل 2024 05:00pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے برسات کا سلسلہ جاری ہے۔

صدر، ماڑی پور، گلستان جوہر، ائیرپورٹ اور ملیر سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ گرومندر، نمائش ، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ، گارڈن، سولجربازار اور یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بادل برسے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بارش کے اعداد و شمار کے مطابق ناظم آباد میں 21.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 20، فیصل بیس میں 17 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 14.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

سب سے زیادہ سرجانی میں 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، فیصل بیس پر 17 ملی میٹر مسرور بیس اور کیماڑی میں 16 ، 16 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ نارتھ کراچی اور سعدی ٹاؤن میں 15، 15 ملی میٹر، گلشن معمار میں 14.5، اورنگی ٹاؤن میں 14.4 اور ایئرپورٹ میں 11.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب کراچی میں بارش سے بجلی کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے بعد لیاقت آباد، گلبہار اور اولڈ سٹی ایریا سمیت متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 2100 میں سے 1900 فیڈرز فعال ہیں، نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بجلی بند کی ہے۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج بارش کی پیشگوئی گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے آج نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

انھوں نے بتایا کہ شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی، بارش برسانے والا اسپیل رات گئے تک رہے گا۔

سردار سرفراز کے مطابق سرجانی ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، گڈاپ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں تیز بارش متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 اور 18 اپریل کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ کراچی سمیت دیہی سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دوسرا اسپیل 17 اپریل کی رات اور 18 تاریخ کی صبح میں بارش برسا سکتا ہے، جو موجودہ سسٹم سے نسبتا قدرے زیادہ ہوگا۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بارش

سندھ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاڑکانہ، میرپورخاص، دادو میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا۔

موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

karachi

Met Office

Rain

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div