Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

آسٹریلیا میں بھارتی جاسوس نیٹ ورک پکڑا گیا، متعدد را اہلکار بے دخل

آسٹریلیا اور امریکہ کے ساتھ بھارت کا چار ملکی اتحاد 'کواڈ' متاثر ہونے کا امکان
اپ ڈیٹ 01 مئ 2024 03:17pm

امریکہ اور کینیڈا کے بعد آسٹریلیا میں بھی بھارت کا جاسوس نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔ ’متعدد‘ بھارتی جاسوسوں کو بے دخل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارت بھی، امریکہ اور آسٹریلیا کے ساتھ چار ملکی اتحاد ’کواڈ‘ کا حصہ ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ بھارت کی ان سرگرمیوں کے کواڈ پر بھی اثرات ہوں گے۔

امریکی روزنامے واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی کہ بھارت کے دو جاسوس آسٹریلیا نے کچھ عرصہ قبل نکالے ہیں۔ اس کے فوراً بعد آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) نے انکشاف کیا کہ ’متعدد‘ بھارتی جاسوس نکالے گئے ہیں جو آسٹریلیا میں بھارت کے ایک بڑی جاسوسی جال کا حصہ تھے۔ اے بی سی نیوز نے کہاکہ اس نے تصدیق کرلی ہے کہ بھارت کا ایسا جاسوسی جال آسٹریلیا میں موجود ہے جس کا حوالہ 2021 میں اس وقت کے انٹیلی جنس سربراہ نے دیا تھا۔

آسٹریلیا کی اندرونی انٹیلیجنس ایجنسی ’ایسیو‘ کے ڈائریکٹر جنرل مائک برجیس نے 2021 میں ایک تقریر کے دوران بتایا تھا کہ آسٹریلیا میں ایک ملک مداخلت کر رہا ہے تاہم انہوں نے ملک کا نام نہیں لیا تھا۔

ایسیو نے ابتدا میں الزام لگایا تھا کہ ایک ملک کے متعدد جاسوسوں نے سیاست دانوں میں جڑیں مضبوط کرکے غیر ملکی باشندوں کی کمیونٹیز کو مانیٹر کرنے کی کوشش کی تھی اور ساتھ ہی ساتھ وہ تجارت سے متعلق خفیہ معلومات بھی حاصل کرنے کے لیے کوشاں تھے۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ نے بھارتی جاسوسوں کی ملک بدری کی خبر کی تصدیق سے انکار کیا ہے تاہم انہوں نے غیر ملکی مداخلت اور جاسوسی نیٹ ورکس کو ناکام بنانے کے حوالے سے حکومت کے عزمِ مصمم کا اظہار کیا ہے۔ میلبورن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پینی وانگ نے کہا کہ اس حوالے سے آسٹریلیا میں جامع قوانین نافذ ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن کا کہنا ہے کہ غیرملکی جاسوس آسٹریلیا کے لیے خطرہ ہے۔

آسٹریلیا میں بھارتی باشندوں پر اس خبر کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے سوال پر پینی وانگ نے کہا کہ ہم اپنے ہاں غیر معمولی تنوع کی قدر کرتے ہیں اور ہمیں اس بات کا بھی احساس ہے کہ دنیا بھر کے لوگ آسٹریلیا کی ترقی میں گراں قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے بتایا تھا کہ 2020 میں بھارتی جاسوسوں کا آسٹریلیا سے نکالا جانا ’را‘ اور مغرب کی اندرونی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان تصادم کے متعدد واقعات میں سے ایک تھا۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ جرمن پولیس نے سِکھ کمیونٹی میں بھارتی خفیہ ادارے کے ایجنٹوں کے آپریشنز میں گرفتاریاں بھی کی تھیں۔ اخبار کے مطابق برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی فائیو نے ’را‘ کے ایجنٹس کی طرف سے سِکھ کمیونٹی کی نگرانی اور جاسوسی پر بھارتی حکومت کو خبردار بھی کیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو کچھ عرصہ قبل کینیڈا اور امریکہ سے بھی نکالا گیا ہے۔ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد بھارت کیخلاف تحقیقات چل رہی ہے۔

Quad

Washington Post

INDIAN SECRET OPERATIVES

AUSTRALIA EXPELLED TWO

ASIO

ABC