Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

جیکب آباد اور میرپورخاص میں نویں دسویں جماعت کے امتحانات میں نقل مافیا سرگرم

موبائل فونز کا آزادانہ استعمال، طلبا کوحل شدہ پرچہ واٹس ایپ پر ملنے لگا
اپ ڈیٹ 02 مئ 2024 04:27pm

سندھ کے شہروں جیکب آباد، خیر پور اور میرپورخاص میں نویں دسویں جماعت کے امتحانات میں نقل مافیا سرگرم رہا۔

ذرائع کے مطابق میرپور خاص میں طلبا کوحل شدہ پرچہ واٹس ایپ پر ملنے لگا اور امتحانی مراکز میں موبائل فونز کا بےدریغ استعمال کیا گیا۔ جس کے بعد امتحانی مراکز میں نگرانی کے لیے بنائی گئی 12ویجیلینس ٹیمز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ چکا ہے۔

واضح رہے کہ میرپورخاص کے 96 مراکز میں اسلامیات کا پرچہ لیا جارہا ہے جبکہ تین اضلاع کے 62862 طلباء پرچہ دے رہے ہیں۔

دوسری جانب جیکب آباد میں نویں جماعت کےامتحان میں کھلےعام نقل کی گئی اور موبائل فون کا آزادنہ استعمال بھی کیا گیا۔

حمیدیہ ہائی اسکول میں طلبا کے بجائے غیرمتعلقہ افراد کو پرچہ حل کرتے دیکھا گیا جس کی فوٹیج بھی آج نیوز کو موصول ہوئی۔

خیرپور میں بھی نویں اوردسویں جماعت کےامتحانات میں کھلےعام نقل جاری ہے، پرچہ امتحانات شروع ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگیا، جبکہ طلبہ سرعام موبائل فون کااستعمال کرنےلگے۔

نویں جماعت کا انگریزی اور دسویں جماعت کا اردو کے پرچہ میں پولیس،اساتذہ اوردیگر عملہ نقل کروانےمیں مصروف ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اسکول عملہ غیرمتعلقہ افراد سے پرچہ حل کرانے میں ملوث ہے، جس کا لاڑکانہ بورڈ کو نوٹس لینا چاہیے۔