Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

پاکستان میں تمباکو پر عائد ٹیکسز کی شرح ابھی بھی ڈبلیو ایچ او کے رہنما ضوابط سے کم

حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی پالیسیز کو ڈبلیو ایچ او کی سفارشات کے مطابق استوار کریں، ملک عمران احمد
شائع 06 مئ 2024 06:59pm

پاکستان میں بلاشبہ تمباکو پر ٹیکسز بڑھانے میں اہم پیش رفت کی ہے، لیکن ملک ابھی بھی عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی سفارشات کو مکمل طور پر نافذ کرنے میں ناکام ہے، جس کا بنیادی مقصد زندگیاں بچانے اور تمباکو کے استعمال کو بتدریج روکنا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری سفارشات کے مطابق تمباکو پر ایکسائز ٹیکس ریٹیل پرائس کا کم از کم 70 فیصد ہونا چاہیے۔

سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کا دو سطحی نظام موجود ہے۔ 2022 سے 23 کے دوران ٹوبیکو پر عائد ٹیکسز کے بعد، خوردہ قیمتوں میں موجودہ ایف ای ڈی کا حصہ نچلے اور اعلیٰ درجوں کے لیے بالترتیب 48 فیصد اور 68 فیصد ہے۔

گلوبل ٹوبیکو انڈیکس کے مطابق پاکستان 2005 سے ڈبلیو ایچ اوکے فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول کا ایک اہم فریق ہے۔

ملک میں تمباکو کنٹرول کے اقدامات کو نافذ کرنے میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم تمباکو کی صنعت میں مداخلت کمزور پالیسیز کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔

گلوبل ٹوبیکو انڈسٹری انٹرفیرنس انڈیکس 2023 میں پاکستان کو 32 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ تمباکو پر ٹیکس، ریٹیل پرائس کی اوسط، 61 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ جب کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ معیار 70 فیصد ہے۔

کنٹری ہیڈ برائے تمباکو فری کڈز ملک عمران احمد کا کہنا ہے کہ ہم حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی پالیسیز کو ڈبلیو ایچ او کی سفارشات کے مطابق استوار کریں تاکہ تمباکو کے استعمال کو کم کرتے ہوئے قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔

سوشل پالیسی ڈویلپمنٹ سینٹر (SPDC) نے اپنے حالیہ جاری پالیسی پیپر ”صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات اور زندگی بچانے“ میں اگلے مالی سال کے بجٹ میں ایف ای ڈی میں 37 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی ہے۔

ایس پی ڈی سی کے مطابق ایف ای ڈی میں 37 فیصد اضافہ کرکے ملک میں 265,000 جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ 37.7 بلین روپے کی اضافی آمدنی بھی پیدا کی جا سکتی ہے، ساتھ ہی757,000 لوگوں کو سگریٹ نوشی چھوڑنے پر راغب کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب ملک میں سگریٹس پر عائد ٹیکسز میں اضافے کے خلاف لابنگ کرنے والی سگریٹ کمپنیوں کے اثر و رسوخ کی وجہ سے پاکستان کو گزشتہ سات سالوں میں ریونیو میں 567 ارب روپے کا حیران کن نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

سینٹر فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ (CRD) کی ڈائریکٹر مریم گل نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈبلیو ایچ او کی سفارشات پر سختی سے عمل درآمد کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سگریٹ کی کم قیمتوں کی وجہ سے پاکستان اب بھی علاقائی ممالک اور باقی دنیا سے بہت پیچھے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں تمباکو نوشی بہت زیادہ ہے، اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ حیرت انگیز طور پر 31.6 ملین بالغ افراد جو کہ بالغ آبادی کے تقریباً 20 فیصد کے برابر ہیں، پاکستان میں تمباکو کی مصنوعات استعمال کرتے ہیں۔

نا کے مطابق تشویشناک بات یہ ہے کہ تمباکو کے استعمال میں سالانہ تقریباً 160,000 اموات کے لیے بھی ذمہ دار ہے، جو کہ ہر سال صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات کی مد میں ملک کے جی ڈی پی کا 1.4 فیصد ہے۔

WHO

cigarettes

Tax on Cigarettes

cigarettes tax

Cigarette Brands

Federal Excise Duty on Cigarettes

10 stick Cigarette Pack

Malik Imran Ahmed