Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

ناروے، آئر لینڈ اور اسپین کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان، اسرائیل نے سفیر واپس بلالیے

اسپین اور ناروے 28 مئی کو باضابطہ اعلان کریں گے، تینوں ملک مشرقِ وسطیٰ میں استحکام کے خواہاں
اپ ڈیٹ 22 مئ 2024 02:26pm

ناروے نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ بات ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر اسٹور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ آئرلینڈ اور اسپین نے بھی ایسا ہی اعلان کیا ہے۔ اسرائیل نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ناروے اور آئرلینڈ سے سفیر واپس بلالیے۔

جوناس گہر اسٹور نے کہا کہ ناروے نے فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ اِس امید پر کیا ہے کہ ایسا کرنے سے خطے میں حقیقی قیامِ امن کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی سے معیشت اور سیاست دونوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ سیاسی و معاشی عدم استحکام کے باعث کروڑوں افراد کے لیے زندگی مشکل ہوگئی ہے۔

نارویجین وزیرِ اعظم نے بتایا کہ اُن کا ملک فلسطین کی ریاست کو 28 مئی کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں حقیقی اور پائیدار امن کے لیے فلسطین کو ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرنا لازم ہے۔

آئر لینڈ اور اسپین نے بھی فلسطین کو ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس کا کہنا ہے کہ ان کا ملک فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے اور امید ہے کہ دیگر ممالک بھی ایسا ہی کریں گے۔

اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کہتے ہیں کہ اسپین بھی فلسطین کو ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ناروے کی طرح اسپین بھی 28 مئی کو فلسطین کو ریاست کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا اعلان کرے گا۔

ہسپانوی وزیرِ اعظم کا بھی کہنا تھا کہ خطے میں شدید عدمِ توازن کے باعث کروڑوں افراد کے لیے انتہائی مشکل حالات پیدا ہوچکے ہیں۔ تنازعات کا معقول حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ اسرائیل اور فلسطین کے اختلافات ختم کرانے کے لیے بھی بہت کچھ کیا جانا چاہیے تاکہ مشرقِ وسطیٰ اور اُس سے متصل خطوں میں حقیقی امن قائم ہو۔

یہ بھی پڑھیں :

امریکہ نے سیکیورٹی کونسل میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی قرار داد ویٹو کردی

اسرائیل 30 برس سے ناکام ہے، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کو تیار ہیں، برطانوی وزیر خارجہ

فلسطین کابیت المقدس کو اسرائیلی درالحکومت تسلیم کرنے سے انکار

NORWAY TO RECOGNIZE PALESTINE

IRELAND AND SPAIN TO FOLLOW

MAY 28