Aaj News

منگل, اکتوبر 22, 2024  
18 Rabi Al-Akhar 1446  

خانہ کعبہ کی چابی کے محافظ انتقال کر گئے، وزیراعظم کا اظہار افسوس

خانہ کعبہ کے کلید بردارگزشتہ سال نومبر میں 6 روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے۔
اپ ڈیٹ 22 جون 2024 10:41pm

خانہ کعبہ کی چابی کے محافظ ڈاکٹر صالح بن زین العابدین آل شیبی جنہیں کلید بردار بھی کہا جا تا ہے، ان کا گزشتہ شب مکہ میں انتقال ہو گیا۔ ان کی نمازہ جنازہ ہفتے کے روز فجر کی نماز کے بعد ادا کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خانہ کعبہ کے کلید بردار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آل شیبی فتح مکہ کے بعد سے 77 ویں جبکہ قصی بن کلاب کے دور سے بیت اللہ کے 109 ویں کلید بردار تھے۔ یہ شیبہ بن عثمان بن ابی طلحہ کی نسل میں سے ہیں جنہیں پیغمبر خدا ﷺ نے کہا تھا کہ “اے طلحہ کی آل کعبے کی چابی ہمیشہ تمھارے پاس رہے گی اور کسی ظالم کے علاوہ تم سے کوئی یہ نہیں لے سکے گا۔

صالح آل شیبی 1366 ہجری کو مکہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ام القرہ یونیورسٹی سے اسلامک سٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔ انہوں نے کئی سال یونیورسٹی میں بطور مدرس فرائض انجام دیئے جس کے بعد 1980ء میں انہیں ان کے تایا شیخ عبدالقادر آل شیبی کی جگہ بیت اللہ کے مرکزی کلید بردار کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی۔

صالح آل شیبی نے بذات خود 100 سے زائد بار کعبہ کی صفائی اور دھلائی میں حصہ لیا۔

خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبد الرحمٰن بن صالح زین العابدین ال شیبی گزشتہ سال نومبر میں 6 روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے، اس دوران انہوں نے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خانہ کعبہ کے کلید بردار ڈاکٹر شیخ صالح الشیبی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شیخ صالح الشیبی کی قسمت پر ہر مسلمان ناز کرتا ہے۔

Khana Kaba