Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی جلسے کا وقت ختم، قافلے پہنچ نہ سکے

سیکیورٹی کے سخت انتظامات، شہر کے 29 مقامات سیل، مختلف داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند
🔴 Live: PTI power show in Sangjani near Islamabad - Aaj News - Full Coverage 2

اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پنڈال سج گیا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہونے کے باوجود جلسہ شروع نہ ہوسکا، جلسہ گاہ میں 20 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، لیکن قافلے تاحال جلسہ گاہ نہ پہنچ سکے، پہلے سے موجود کارکنان بھنگڑے ڈال رہے ہیں،عون عباس پبی ، فیصل جاوید، سمابیہ طاہر، جمشید دستی ، عالیہ حمزہ سٹیج پر موجود ہیں، قیادت کارکنوں کا جذبہ بڑھا رہی ہے، جلسے کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شہر کے 29 مقامات سیل کردیے گئے مختلف داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیے گئے، جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کے لیے موبائل فون اورانٹرنیٹ کی سروس کو ڈاؤن کردیا گیا میٹرو بس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جلسہ گاہ سے بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں جبکہ کارکن ٹولیوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔

سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کے 41 شرائط پر مشتمل این او سی کے مطابق جلسے کا آغاز 4 بجے اور اختتام شام 7 بجے تک ہوگا، اسٹیج اور ساؤنڈ سسٹم سمیت جلسہ گاہ میں دیگر تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

این او سی کے مطابق ریاست مخالف تقاریر یا نعروں کی اجازت نہ ہوگی، اجازت صرف 8 ستمبر کے لیے ہے، منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے، جلسے کی اجازت ہوگی لیکن کسی قسم کے دھرنے کی اجازت نہ ہوگی، اجازت صرف 8 ستمبرکے لیے ہے منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے، آرگنائزر جلسے کی انٹرنل سیکیورٹی کے ذمہ دارہوں گے، مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر یا نعروں کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوران جلسہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی ذمہ داری جلسہ منتظمین کی ہوگی، خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے براستہ ایم ون موٹروے اے ڈبلیو ٹی انٹرچینج سے ہوتے ہوئے پسوال روڈ پر پہنچیں گے، براستہ جی ٹی روڈ آنے والے قافلے برہان انٹرچینج سے موٹروے ایم ون پرآئیں گے جبکہ اے ڈبلیو ٹی انٹرچینج سے اتر کر پسوال روڈ سے ہو تے ہوئے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔

پنجاب سے آنے والے قافلے جی ٹی روڈ سے روات اور روات سے چک بیلی روڈ سے چکری انٹرچینج تک ایم ٹو سے ہوتے ہوئے پسوال روڈ تک پہنچیں گے، اس کے علاوہ مری اور اسلام آباد کے رہائشی صرف مارگلہ ایونیو سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ تک پہنچیں گے جبکہ اسلام آباد سے جلسہ گاہ کی طرف جانے والے باقی تمام راستے بند ہوں گے۔

ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ

دوسری جانب پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں، ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانے کی اجازت ہوگی۔

اسلام آباد جلسہ : لاہور سے 10 ہزار سے زائد کارکن شہر اقتدار پہنچیں گے، صوبائی قیادت

اسلام آباد کتنے مقامات سے بند

اسلام آباد کے 29 مقامات کو سیل کردیا گیا، نیو مارگلہ روڈ، زیرو پوائنٹ، فیصل چوک، بری امام کراس کو بند کر دیا گیا جبکہ ایکسپریس وے، میرٹ ہوٹل چوک، نادرا چوک، ایکسپریس چوک کو سیل کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ سیکرٹریٹ چوک، فاٹا ہاوس، ترامڑی چوک، شاہ پور اوربنی گالہ روڈ کو سیل کر دیا گیا جبکہ فیض آباد، نائیتھ ایونیو، گولڑہ موڑ، موٹر وے ٹول پلازہ اور ترنول پاٹک کو سیل کر دیا گیا۔

جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔

ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں

اس کے علاوہ ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے جس کے باعث اسلام آباد سے روات جانے والی ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک جام ہوگئی جبکہ روات کی جانب سے اسلام آباد جانے والی ایکسپریس وے مکمل بند کردی گئی۔

ایکسپریس ہائی وے کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دیگر شہروں سے آنے والے کارکنان موٹروے کے ذریعے آئیں گے۔

اس کے علاوہ مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اور راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے متعدد راستے بند بھی کر دیے گئے۔

کون سے راستے کھلے ہیں؟

ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول پنڈی اسلام آباد کو ملانے والے متبادل راستے کھلے ہیں، شہریوں کو نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، پیرودھائی سے گولڑہ موڑ اسلام آباد کا راستہ بھی کھلا ہے جبکہ ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانےکی اجازت ہوگی۔

ادھر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے باڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ حکومت جلسے سے پہلے این او سی منسوخ کرنے کی کوشش کرے گی، ہمیں خدشہ ہے کہ انتظامیہ جلسے کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گی مگر این او سی منسوخ ہوا بھی تو جلسہ ہوگا۔

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ ںے جلسہ گاہ آنے کے لیے روٹ پلان دیا ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب سے موٹر وے کے لیے الگ الگ نقشے جاری کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے لیے الگ روٹ پلان دیا گیا ہے۔

جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد

تحریک انصاف کے جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد کرلیے گئے، پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو جلسے کے ارد گرد تعینات کردیا گیا۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

دپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 41 شرائط پر جلسے کی اجازت دی ہے، اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا، پی ٹی آئی کو شام 4 بجے سے 7 بجے تک جلسے کی اجازت دی گئی ہے، جلسے میں کوئی ریاست مخالف نعرہ نہیں لگے گا۔

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ جلسے میں کسی کو اسلحہ لیکر آنے کی اجازت نہیں ہوگی، اسٹیج پر بیٹھنے والے افراد کی لسٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوگی، ملک بھر سے آنے والوں کے لیے روٹ متعین کیے گئے ہیں، امید ہے پی ٹی آئی ایس او پیز کی خلاف ورزی نہیں کرے گی۔

پی ٹی آئی کا 8 ستمبر کو سنگجانی میں جلسہ، جڑواں شہروں کو بند کرنے کا منصوبہ

’اسلام آباد میں بغیر اجازت اجتماع پر 10 سال قید‘، صدر کے دستخط سے قانون بن گیا

پی ٹی آئی جلسہ : عدالت نے کارکنوں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے اور گرفتاری سے روک دیا

میٹرو بس سروس بند

علاوہ ازیں اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی۔

میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔

سنگجانی جلسہ: ہوٹل مالکان کو 9 ستمبر تک ہوٹل بند رکھنے کے احکامات

پی ٹی آئی کے سنگجانی میں ہونے والے جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کی انتظامیہ نے ہوٹل مالکان کو 9 ستمبر تک ہوٹل بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے۔

جلسے کے پیشِ نظر سنگجانی ایریا میں ہوٹل گیسٹ ہاؤس اور کٹیرنگ مالکان کو نوٹس دیے گئے ہیں، نوٹس کے مطابق سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور کٹیرنگ کی دکانیں بند رہیں گی، جلسے کے لوگوں کو کوئی رہائش اور کھانا نہ دیا جائے،

بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، محمود اچکزئی کا جلسہ گاہ کا دورہ

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، محمود اچکزئی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ، ان کے اتحادی بھی جلسے میں شریک ہوں گے، سنگجانی کے مقام پر اسلام آباد کا سب سے بڑا جلسہ منعقد ہوگا، انتظامیہ کا مشکور ہوں جنہوں نے این او سی دیا، جلسہ پرامن ہوگا، لانگ مارچ نہیں ہوگا، جلسہ عدلیہ کی آزادی کیلئے ہوگا، بانی پی ٹی آئی عمران خان آپ کی آزادی کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے نئی جگہ کا این او سی جاری کیا گیا، جیسے بھی ممکن ہو کارکن پہنچیں۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج جلسہ ہرصورت ہوگا جبکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے ہر رکن اسمبلی کو ایک ہزار کارکن ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے، ضلعی انتظامیہ جلسے گاہ آنے کا روٹ پلان جاری کرچکی ہے۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ سب چاہتے ہیں ملک بحرانوں سے باہر نکلے، نواز شریف سمجھ گئے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مل بیٹھنا ہوگا، بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ کیوں دہرا رہے ہیں؟

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کو غاصبوں سے نجات دینے کے لیے سب کو نکلنا ہوگا،عدلیہ پر وار کیا گیا تو یہ پاکستان کیلئے بڑا المیہ ہوگا، ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے، یہ قانون سازی کر رہے ہیں یا من مانی کر رہے ہیں؟

پی ٹی آئی جلسہ، صوابی میں 819 پولیس اہلکار تعینات، ٹریفک پلان مرتب

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لیے صوابی میں 819 پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے جبکہ پولیس نے ٹریفک پلان بھی مرتب کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق جلسے کے لیے تعینات اہلکاروں میں 631 کانسٹیبلز اور 27 اے ایس آئیز شامل ہیں، تمام متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پیز بھی زمہ داریاں انجام دیں گے، ٹریفک پولیس اہلکار بھی جلسے میں خدمات انجام دیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے مردان، صوابی اور چارسدہ سے بھی اہلکاروں کو طلب کیا گیا ہے، تمام اضلاع میں قافلوں کی روانگی کے لیے پولیس نے سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے، وزیراعلیٰ اور وزرا کے ساتھ اپنے اپنے سیکیورٹی اسکواڈ ہوں گے، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہیں۔

پی ٹی آئی کا سنگجانی میں جلسہ: صوابی انٹر چینج پر استقبالیہ کیمپ لگا دیا گیا

پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد سنگجانی میں جلسے کے پیش نظر پی ٹی آئی کی جانب سے صوابی انٹر چینج پر استقبالیہ کیمپ لگا دیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع سے آنے والے قافلوں کے لیے کرسیاں لگا دی گئی جبکہ پی ٹی آئی جلسے کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے سرکاری مشینری استقبالیہ کیمپ پر پہنچا دی گئی، ریسکیو 1122 کی گاڑیوں پر سفید اسٹیکرز لگا کر چپکا دی گئی جبکہ ضلع بھر کے 4 ٹی ایم اے کے اہلکار مصروف ہیں۔

جلسے کے لیے راستے میں حائل رکارٹوں کو دور کرنے کے لیے بڑی بڑی مشینری موجود ہیں، جلسے کے لیے جانے سے پہلے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا وپر خطاب کریں گے، جلسے کے لیے جانے والے قافلوں کی قیادات وزیراعلیٰ کریں گے۔

پشاور سے پی ٹی آئی قافلوں کی روانگی کی تفصیل جاری

پشاور سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قافلوں کی روانگی کی تفصیل جاری کردی گئی، پی ٹی آئی جلسے کے لیے پشاور کے تمام حلقوں سے قافلے 11 بجے کے بعد روانہ ہوں گے، پی ٹی آئی کارکن کچھ دیر میں اپنے اپنے حلقوں میں جمع ہوں گے اور 3 بجے سے پہلے صوابی پہنچیں گے۔

ضلعی صدر عرفان سلیم کی قیادت میں قافلہ احسان اسٹریٹ اتحاد کالونی سے روانہ ہوگا، ریجنل صدر ارباب عاصم کی قیادت میں قافلہ حجرہ عاصم بہادر کلے سے روانہ ہوگا جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری ملک شہاب چمکنی کی قیادت میں قافلہ موٹر وے چوک نادرن بائی پاس سے روانہ ہوگا۔

صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کی قیادت میں قافلہ سپرئیر سائنس کالج سے روانہ ہوگا، ایم این اے شیر علی ارباب کی قیادت میں قافلہ حجرہ شیر علی ارباب تہکال سے روانہ ہوگا جبکہ صوبائی وزیر قاسم علی شاہ کی قیادت میں قافلہ پاکستان فلور مل مہمان خاص شادی ہال سے روانہ ہوگا۔

تیمور سلیم جھگڑا کی قیادت میں قافلہ ناصر باغ روڈ سے روانہ ہوگا، علی زمان ایڈووکیٹ کی قیادت میں قافلہ ارشد پلازہ شیروجنگی سٹاپ چارسدہ روڈ سے روانہ ہوگا، ایم پی اے شیر علی آفریدی کی قیادت میں قافلہ زنگلی نہر کوہاٹ روڈ سے روانہ ہوگا جبکہ ارباب جہانداد کی قیادت میں قافلہ نزد موٹر وے ٹول پلازہ سے روانہ ہوگا۔

اسی طرح ایم پی اے سمیع اللہ کی قیادت میں قافلہ حجرہ سمیع اللہ سے روانہ ہوگا، کامران بنگش کی قیادت میں قافلہ چمکنی حجرہ سے روانہ ہوگا جبکہ تحصیل چئیرمین انعام اللہ کی قیادت میں قافلہ بمقام پرائم ہسپتال ورسک روڈ سے روانہ ہوگا۔

اسلام آباد

PTI jalsa

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti jalsa islamabad

8 September PTI Jalsa

PTI jalsa Sep 8