Aaj News

ہفتہ, جون 21, 2025  
25 Dhul-Hijjah 1446  

یوم یکجہتی کشمیر: دفتر خارجہ کو بھارتی مظالم پر آگاہی کیلئے فارن مشنز کو ایکٹیو کرنے کی ہدایت

کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہ ملنے تک پاکستان نامکمل ہے، طارق فضل چوہدری
شائع 04 فروری 2025 10:20am

مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور تحریک آزادی کے دوران لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارت کے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو استصواب رائے کا بنیادی حق دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی سفارتی حمایت کا مظہر ہے اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہ ملنے تک پاکستان نامکمل ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ہم بین الاقوامی برادری کی آواز کے منتظر ہیں، اور 15 اگست کو کشمیریوں کے حقوق پامال کیے گئے تھے۔

انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کو روایتی انداز سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اس بار شاہرہ دستور پر ایک بڑی واک منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، 5 فروری کو پاکستان اور آزاد کشمیر میں سیمینار منعقد کیے جائیں گے اور دفتر خارجہ نے بھارتی مظالم پر فارن مشنز کو سیمینارز کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبائی دارالحکومتوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی تاکہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

Kashmir Solidaroity Day