پی ٹی آئی نے یومِ سیاہ پر بھارتی پولیس کی بھی دوڑیں لگوادیں
آٹھ فروری کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا، اس حوالے سے مرکزی جلسہ صوابی میں منعقد ہوا، جبکہ دیگر شہروں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
اسی سلسلے میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے فضا میں غباروں کے ذریعے جھنڈے چھوڑے گئے جو اُڑ کر سرحد پار مقبوضہ کشمیر میں پہنچ گئے جنہیں دیکھ کر بھارتی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔
اس حوالے سے ایک ویڈیو بھارتی نژاد دانشور اشوک سوین نے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر شئیر کی جس میں دکھایا گیا کہ بھارتی پولیس درخت پر پھنسے پی ٹی آئی کے جھنڈے اور غبارے اتارنے کے لیے وہاں موجود ہے۔
اشوک سوین نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کا جھنڈا کشمیر کے ہندوستان میں لہرا رہا ہے۔
یہی ویڈیو پی ٹی آئی کے حامی اور ایکس صارف کی جانب سے بھی پوسٹ کی گئی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی کے پرچم جو کل فضا میں غباروں کے زریعے چھوڑے گئے تھے، انہیں بھارتی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ایکس صارف کی پوسٹ کردہ ویڈیو میں ایک بھارتی نیوز چینل کے رپورٹر کو یہ کہتے سنا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھلیسہ کے ایک علاقے میں پاکستان کی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے جھنڈوں نے افرا تفریح کا ماحول پیدا کردیا۔ درخت پر لٹکے ان جھنڈوں اور غباروں کی وجہ سے ایک سسپینس بنا رہا جس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر جھنڈے اور غبارے اتارے۔ رپورٹر کا کہنا تھا کہ ان جھنڈوں کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا کیونکہ جب بھی پاکستان سے کوئی بھی چیز بھارت آتی ہے تو لوگ خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔
ویڈیو مقبوضہ کشمیر کے بھلیسہ گاؤں کے پولیس اسٹیشن چھانگا کی ہے جس میں پولیس ہاتھوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے لئے کھڑی ہے۔
پی ٹی آئی کے جھنڈے غباروں سمیت گجرات پہنچنے سے بھارتی پولیس اور میڈیا پر بھی ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے۔
Comments are closed on this story.