جعلی پولیس والوں کے روپ میں سائبر کرمنلز سے ہوشیار!!! حکومتی ایڈوائزری جاری

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے آن لائن فراڈ کے خلاف شہریوں کو بہت محتاط رہنے کی ہدایت کردی
اپ ڈیٹ 20 فروری 2025 02:42pm

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان نے شہریوں کو جعلسازی کی ایک نئی لہر کے خلاف ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ آن لائن فراڈ کے خلاف بہت محتاط رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جعلسازی کے حملے کی یہ نئی مہم قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی نقالی کرتے ہوئے جعلی ای میلز کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو فعال طور پر نشانہ بنا رہی ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی کی ایڈوائزری میں قانون نافذ کرنے والے اہکاروں کا روپ دھار کر حملوں کے خلاف محتاط رہنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے، اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ تجویز کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک ای میل کی فوری اطلاع دیں۔

رپورٹ کے مطابق باخبر رہنے اور فعال حفاظتی اقدامات کو اپنانے سے شہری اجتماعی طور پر سائبر کرائم سے وابستہ خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں آن لائن فراڈ میں ملوث 3 غیرملکیوں کیخلاف مقدمہ درج

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان وفاقی ادارہ ہے جو پاکستان کے ڈیجیٹل اثاثوں، حساس معلومات، اور اہم انفراسٹرکچر کو سائبر حملوں، سائبر دہشت گردی اور سائبر جاسوسی سے بچانے کا ذمہ دار ہے۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ای میلز ”آفس آف کمشنر پولیس ڈیپارٹمنٹ“ سے ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرتی ہیں اور وصول کنندگان پر سائبر کرائم کے جرائم کا الزام لگاتی ہیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ جعلساز جعلی ای میلز کے ذریعے لوگوں کو 24 گھنٹوں کے اندر جواب دینے سے ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ انہیں قانونی کارروائی کرنے، انہیں گرفتار کرنے، میڈیا کے ساتھ اپنی معلومات شیئر کرنے یا انہیں بلیک لسٹ میں شامل کرنے کے لیے دھمکاتے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ای میلز جعلی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عام شہریوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یہ مجرم جعلی ای میل ڈومینز استعمال کرتے ہیں اور پاکستانی حکومت کے جائز ڈومین ’gov.pk‘ ہیں۔

فراڈ میں استعمال ہونیوالے ٹولز کی فروخت پر پاکستان میں موجود ایک نیٹ ورک کی 39 ویب سائٹس بند

علاوہ ازیں پی کے سی ای آر ٹی نے سفارش کی کہ شہریوں کو اس طرح کے ای میلز کا جواب نہیں دینا چاہیے اور بھیجنے والے کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے غور کرنا چاہئے کہ آیا ای میل gov.pk جیسے قانونی سرکاری ڈومین سے آیا ہے یا پھر نہیں۔

ایڈوائزری میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیر مجاز سرگرمی کے لیے باقاعدگی سے بینک اکاؤنٹس اور ای میلز کی نگرانی کریں، اور جعل سازی کی کوششوں کی اطلاع پی کے سی ای آر ٹی یا متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر فراہم کریں۔

new scam alert

Fake Police Commissioners

Targeting Pakistani Citizens