Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
03 Dhul-Qadah 1446  

کراچی میں پھل فروش سے مفت خربوزہ لینے کی کوشش کرنیوالے اہلکار معطل

پولیس اہکار نے پھل فروش کی اس کی کم سن بیٹی کے سامنے تذلیل کی، ویڈیو سامنے آنے پر کارروائی
اپ ڈیٹ 15 مارچ 2025 02:50pm

کراچی میں پولیس اہلکار کی پھل فروش سے مبینہ بدسلوکی کا واقعہ سامنے آ گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس حکام نے نوٹس لے لیا۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد قلندریہ چوک کے قریب پولیس اہلکار کی پھل فروش سے مبینہ بدسلوکی کا واقعہ سامنے آ گیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہونے پرپولیس حکام نے نوٹس لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تین پولیس اہلکاروں سمیت پولیس موبائل ڈرائیورمعطل کر دیے گئے ہیں۔

پولیس اہلکارکو ویڈیو میں بغیررقم دیے پھل فروش سے خربوزہ لینے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، بغیر رقم کے خربوزہ نہ دینے پر پولیس اہلکار نے پھل فروش سے بدسلوکی کی اوردھمکیاں دیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق پھل فروش کمسن بیٹی کے ہمراہ اپنی ریڑھی کے قریب موجود تھا، پولیس اہلکاروں نے پھل فروش کی بیٹی کے سامنے پھل فروش سے بدسلوکی کی۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گھر کے لیے خربوزہ اٹھا رہا ہے اور پھل فروش اسے مفت خربوزہ دینے کو تیار نہیں۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص پولیس اہلکار کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلئے کہتا ہے کہ تم ایک کے بجائے دو خربوزے لے لو، تاہم ایک اور راہ گیر کہتا ہے کہ کیوں لے۔

بدسلوکی کے واقعے کے بعد پولیس اہلکار موبائل میں بیٹھ کر روانہ ہو جاتے ہیں۔

اس پورے منظر کے دوران پھل فروش کی تین چار برس کی بیٹی ریڑھی پر اس کے ساتھ موجود تھی۔

Karachi Police

Police extorting fruit seller